کے یو جے کی کاوشیں، امت کے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوگیا
رفیق افغان کی وصیت کے مطابق پلاٹ کی فروخت کے زربیعانہ سے 30 فیصد رقم کے چیکس تقسیم
اپریل میں مکمل ادائیگی کے بعد باقی ماندہ 70 فیصد عیدالفطر سے پہلے ادا کردیئے جائیں گے
کے یو جے کی امت کے ملازمین کو مبارکباد، انتظامیہ کے افراد کا شکریہ
کراچی یونین آف جرنلسٹس کی کاوشوں سے روزنامہ امت کے ملازمین کو ان کے واجبات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے منگل کو امت کے دفتر میں ملازمین کو ان کے واجبات کی مجموعی رقم کے 30 فیصد کے چیکس دیے گئے باقی ماندہ 70 فیصد ادائیگی عیدالفطر سے پہلے کردی جائے گی۔ چیکس کی تقسیم کے موقع پر کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی، نائب صدر جاوید قریشی اور مجلس عاملہ کے رکن مدثر غفور بھی موجود تھے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے روزنامہ امت کے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوجانے پر مبارکباد پیش کی ہے جبکہ انتظامیہ کے افراد حمزہ افغان، ناصر افغان، صائمہ افغان اور آصف سعود کا شکریہ ادا کیا ہے۔ واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا امت کے مالکان کے مابین کے یو جے ناصرف مصالحت کار بنی بلکہ انہیں ایک تحریری معاہدے پر بھی لے کر آئی جس پر کے یو جے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے بطور گواہ دستخط کیے تھے اور اسی معاہدے کے تحت آج امت کے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوا یاد رہے کہ واجبات کی ادائیگی امت اخبار کے مالک رفیق افغان کی وصیت کے مطابق راولپنڈی میں واقع پلاٹ بیچ کر کی جارہی ہے جس کا زربیعانہ ملنے پر ملازمین کو 30 فیصد کے چیکس دیئے گئے ہیں جبکہ باقی رقم اپریل کے آخری ہفتے میں ملے گی جس کے بعد باقی 70 فیصد واجبات بھی ادا کردیئے جائیں گے۔ کے یو جے نے امت کی انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ باقی ماندہ رقم عیدالفطر سے پہلے ادا کی جائے جس پر انتظامیہ نے آمادگی ظاہر کی ہے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے روزنامہ امت کی ذیلی کمپنی جس کے اکاونٹ میں پلاٹ کی فروخت سے حاصل کردہ رقم جمع ہونا تھی اس کے ایس ای سی پی میں رکے ہوئے معاملات سے لے کر بنک اکاونٹ ایکٹو کرانے تک میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔ منگل کو چیکس کی تقسیم کے موقع پر امت کے ملازمین نہایت خوش نظر آئے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے کہا کہ یہ ایک خوشی کا موقع ہے کہ امت کے ملازمین کو ان کے واجبات کی ادائیگی شروع ہوگئی ہے انہوں نے اس پورے معاملے پر وقتا فوقتا ہونے والی پیش رفت سے بھی ملازمین کو آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ ناصر افغان نے بیرون ملک روانگی سے قبل جس طرح اس معاملے کے حل کیلئے اقدامات کیے وہ قابل تحسین ہیں اسی طرح حمزہ افغان کا کردار بھی نہایت مثبت رہا جو ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر سنجیدہ نظر آئے۔ فہیم صدیقی نے امت پبلیکشنز کے ڈائریکٹرز صائمہ افغان اور آصف سعود کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے تحفظات کے باوجود واجبات ادائیگی کے معاملے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ فہیم صدیقی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اگلے مرحلے کے چیکس کی تقسیم سے قبل تحریری معاہدے کی باقی ماندہ شقوں پر بھی عمل کیا جائے گا انہوں نے امت کی انتظامیہ سے مطلبہ کیا کہ وہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے معاملے پر بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور ملازمین کو تنخواہیں وقت پر ادا کی جائِں انہوں نے کہا کہ ادارے سے وابستہ ہر شخص خود کو رفیق افغان سمجھے اور اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے انہوں نے اس موقع پر امت کی کور کمیٹی اور ایمپلائز یونین کے کردار کی بھی تعریف کی جن کا واجبات کی ادائیگی کے معاملے میں زبردست کردار رہا۔
جاری کردہ
فہیم صدیقی
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس
Leave a Reply