نیوز ون ٹی وی کی انتظامیہ کا کے یو جے سے رواں ماہ میں دو تنخواہیں دینے کا وعدہ

کے یو جے کے صدر فہیم صدیقی کا سی ای او نیوز ون شاہد جاوید کے وعدے پر یقین کرنے سے انکار
ماضی یقین کرنے کی راہ میں حائل ہے، وعدے پر عملدرآمد سے ہی سنجیدگی کا پتہ چلے گا، فہیم صدیقی
آج نیوز اور پی این این بھی اپنے میڈیا ورکرز دشمن رویہ ترک دیں، کے یو جے

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نیوز ون ٹی وی کی انتظامیہ کی جانب سے ماہ فروری میں دسمبر اور جنوری کی تنخواہیں ادا کرنے کے وعدے پر یقین کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ نیوز ون ٹی وی کی انتظامیہ کا ماضی اس وعدے پر یقین کرنے کی راہ میں حائل ہے نیوز ون ٹی وی کی انتظامیہ ماضی میں بھی اپنے کیے ہوئے وعدوں سے پھر چکی ہے نیوز ون کی انتظامیہ نے کے یو جے سے وعدہ کیا ہے کہ رواں ماہ میں دسمبر اور جنوری کی تنخواہیں ادا کردی جائیں گی تاہم کے یو جے نے نیوز ون کی انتظامیہ کو واضح الفاظ میں جتا دیا ہے کہ اگر ماہ فروری میں دسمبر اور جنوری کی تنخواہیں ادا نہیں کی جاتیں تو کے یو جے’’ میڈیا ورکرز بچاو تحریک‘‘ کا آغاز نیوز ون ٹی وی سے کرے گی اور پھر حالات کی ذمہ داری نیوز ون ٹی وی کی انتظامیہ پر ہوگی۔ کے یو جے کے صدر فہیم صدیقی نے نیوز ون ٹی میں 4 تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر نیوز ون ٹی وی کے سی ای او شاہد جاوید سے رابطہ کیا اور ان سے تنخواہیں فوری ادا کرنے کا مطالبہ کیا سی ای او شاہد جاوید نے کے یو جے کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں دسمبر کی تنخواہ کی ادائیگی آج ہی شروع کردی جائے گی اور 60 ہزار تک کی تنخواہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں آج ادا ہوجائے گی جبکہ پیر کو اس سے اوپر کی تنخواہ دیدی جائے گی شاہد جاوید نے بتایا کہ جنوری کی تنخواہ بھی 20 فروری سے شروع ہونے والے ہفتے میں ادا کرنے کی کوشش کی جائے گی کے یو جے کے صدر فہیم صدیقی نے شاہد جاوید سے کہا کہ کے یو جے جنوری کی تنخواہ کی ادائیگی کے لیے فروری کا پورا مہینہ دینے کے لیے تیار ہے لیکن اس کے بعد کوئی عذر قبول نہیں کیا جائے گا تنخواہ ملازمین کا حق ہے اور کے یو جے ان کے اس حق کے لیے ماضی کی طرح اس بار بھی آگے آئے گی۔ کے یو جے کی جانب سے منجمد کی گئی 2 تنخواہوں سے متعلق سوال پر سی ای او نیوز ون ٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب گورنمنٹ کا چیک باونس ہوا ہے جبکہ ریکوری میں بھی کچھ مسائل ہیں لیکن انتظامیہ کی کوشش ہے کہ ملازمین کی تمام تنخواہیں کم سے کم وقت میں ادا ہوجائیں تاکہ انتظامیہ پر دباو کم ہوسکے پنجاب حکومت کا چیک کلیئر ہونے پر منجمد تنخواہوں کی ادائیگی بھی کردی جائے گی کے یو جے کے صدر نے نیوز ون انتظامیہ کے مثبت رویے کو سراہا تاہم ان کے وعدے پر یقین کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ کے یو جے اس وعدے پر من و عن عملدرآمد کا جائزہ لے گی پیر 13 فروری سے شروع ہونے والے ہفتے میں دسمبر اور 20 فروری سے شروع ہونے والے ہفتے میں جنوری کی تنخواہوں کی ادائیگی سے ہی نیوز ون کی انتظامیہ کی سنجیدگی کا پتہ چلے گا دریں اثنا کراچی یونین آف جرنلسٹس نے آج ٹی وی اور پی این این نیوز کی انتظامیہ کو بھی متنبہ کیا ہے کہ وہ میڈیا ورکرز دشمن رویہ ترک کردیں بصورت دیگر نیوز ون کے بعد اگلا ادارہ ان کا ہوگا آج ٹی وی اور پی این این نیوز سے ملازمین کی جبری برطرفیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آج ٹی وی میں تنخواہیں بھی وقت پر ادا نہیں کی جارہی ہیں۔

جاری کردہ

لیاقت رانا
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.