سندھ اسملبی سے طلبہ یونین کی بحالی کے بل کی منظوری بہترین اقدام ہے، کے یو جے

سندھ اسملبی سے طلبہ یونین کی بحالی کے بل کی منظوری بہترین اقدام ہے، کے یو جے
گورنر سندھ جلد از جلد بل منظور کریں تاکہ باقاعدہ قانون بن سکے، صدر شاہد اقبال
وفاقی حکومت بھی سندھ حکومت کی پیروی کرتے ہوئے پورے ملک میں طلبہ یونین بحال کرے، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سندھ اسمبلی سے طلبہ یونین کی بحالی کے بل کی منظوری کو سراہتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے مطلبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد اس بل کو منظور کریں تاکہ یہ باقاعدہ قانون بن سکے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں سندھ کے تمام طلبہ کو بل کی منظوری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا ہے 38 سال قبل تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین پر پابندی ضیا دور کا سیاہ ترین اقدام تھا جس کا نتیجہ اس قوم نے پچھلے کئی سالوں میں بھگتا ہے۔ طلبہ یونین پر پابندی کے نتیجے میں اس قوم کو پچھلے تیس سالوں میں مناسب قیادت میسر نہیں آسکی۔ طلبہ یونین تعلیمی اداروں میں طلبہ کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتی تھیں اور 38 سال قبل تک طلبہ یونین کی موجودگی کی وجہ سے قوم کو ایک بہتر سیاسی قیادت ملتی رہی لیکن بعد میں آنے والے چونکہ ایسی کسی تربیت سے محروم تھے اس لیے انہوں نے ملک و قوم کو لوٹنا ہی بس اپنا نصب العین رکھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضیا دور آمریت میں 1978 میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی تحریک میں طلبہ یونین نے اہم کردار ادا کیا تھا طلبہ رہنما بھی صحافیوں کے ساتھ گرفتاریاں دینے والوں میں شامل تھے اور انہوں نے ملک میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کی لڑائی پی ایف یو جے کے ساتھ مل کر لڑی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی سے طلبہ یونین کے بحالی کے بل پر کی صحافی قیادت کو بعض تحفظات ہیں لیکن پھر بھی مجموعی طور پر یہ ایک مستحسن اقدام ہے اور کراچی یونین آف جرنلسٹس سندھ اسملبی کے تمام اراکین کا اس پر شکریہ بھی ادا کرتی ہے بیان میں وفاقی حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سندھ حکومت کی پیروی کرتے ہوئے اپنے وعدے پر عملدرآمد کرے اور پورے ملک میں طلبہ یونین بحال کی جائیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ طلبہ یونین کی بحالی سے تعلیمی اداروں میں مثبت سرگرمیوں کا آغآز ہوگا اور سیاسی جماعتوں کی بغل بچہ طلبہ تنظیموں کا اثر و رسوخ کم ہوسکے گا طلبہ یونین کی سیاست کے نتیجے میں طلبہ کو اپنے لیے بہترین قیادت کے چناو کا موقع ملے گا اور پھر یہی قیادت آئندہ ملک کی باگ دوڑ سنھالنے کے قابل ہوگی۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے طلبہ یونین کی بحالی کی جدوجہد کرنے والی طلبہ قیادت کو بھی مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ طلبہ یونین کی بحالی کے بعد بھی وہ اس کے اصل مقاصد کے حصول کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ طلبہ یونین کے پلیٹ فارم سے ہونے والی طلبہ سیاست کے نتیجے میں ہی طلبہ کو حق اور سچ اور آزادی اظہار کی لڑائی لڑنے کا موقع ملے گا اور ماضی کی طرح یہی طلبہ آگے چل کر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی طاقت بنیں گے۔

جاری کردہ
فہیم صدیقی
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.