خیبرپختونخواہ کی نگران حکومت نے جنگ اور جیو کے ملازمین کے مطالبات کی حمایت کردی

وکلا برادری بھی جنگ اور جیو کے ملازمین کی حمایت میں میدان میں آگئی، سندھ ہائیکورٹ بار کے جنرل سیکریٹری کی احتجاج میں شرکت
جنگ اور جیو کے ملازمین کا مسئلہ صوبائی اور وفاقی سطح پر اٹھائیں گے، نگران وزیر اطلاعات کے پی کے
ملازمین کو عدالتی جنگ کے لیے قانونی معاونت درکار ہو تو ہم ساتھ کھڑے ہیں، جنرل سیکریٹری ہائیکورٹ بار عامر وڑائچ
رمضان کی آمد سے قبل مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو سڑک پر بیوی بچوں کے ساتھ افطار کریں گے، جیو ورکرز کمیٹی کا اعلان
مظاہروں میں جیو، جنگ، دی نیوز اور جاوید پریس کے ملازمین، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں اور ارکان کی بڑی تعداد میں شرکت

خیبرپختون خوا کی نگراں حکومت اور سندھ کی وکلا برادری نے جیو نیوز جنگ، دی نیوز اور جاوید پریس کے ملازمین کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے خیبرپختونخواہ کے نگران وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ وہ اس مسئلے کو صوبائی اور وفاقی سطح پر اٹھائیں گے جبکہ سندھ ہائیکورٹ بار کے جنرل سیکریٹری نے جنگ اور جیو نیوز کے ملازمین کو ہر ممکن قانونی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا جیو نیوز، جنگ، دی نیوز، اور جاوید پریس کے ملازمین کو تنخواہوں میں تاخیر، مہنگائی کے تناسب سے اضافے، گریجویٹی اور پراویڈنٹ فنڈ کے لیے احتجاج کرتے ہوئے ایک ماہ ہوچکا ہے جمعے کو کراچی، پشاور اور ملتان میں ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج کیا پشاور میں جیو اور جنگ کے ملازمین کے احتجاج میں نگراں صوبائی وزیر اطلاعات فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے کہا کہ وہ وہ تنخواہوں میں اضافے سمیت دیگر مطالبات کے حوالے سے کی جانے والی جہدوجہد میں جیو نیوز اور جنگ کے ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں اور مسئلے کو صوبائی اور وفاقی سطح پر اٹھایا جائے گا ۔نگراں وزیراطلاعات نے جیو نیوز کے مالکان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا منافع کم کرکے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں اور ملازمین کو رمضان پیکج دیں کراچی میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کی حمایت یافتہ جیو اور جنگ کے ملازمین کی احتجاجی تحریک میں جمعے کو جنگ بلڈنگ کے باہر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عامر نواز وڑائچ نے کہا کہ وکلا برادری جیو اور جنگ کے ملازمین کے ساتھ ہے ہم انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں اور جنگ گروپ کے مالکان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملازمین کے تمام مطالبات من و عن پورے کریں انہوں نے کہا کہ ملازمین اگر اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کسی اور نوعیت کا احتجاج بھی کریں گے تو ہم ان کے ساتھ ہوں گے انہوں نے کہا کہ وہ جیو اور جنگ کے ملازمین کو یہ یقین بھی دلاتے ہیں کہ وہ اپنے مطالبات کے لیے اگر عدالتوں کا رخ کریں گے تو سندھ ہائیکورٹ بار انہیں مکمل قانونی مدد فراہم کرے گی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مزدور رہنما منظور رضی نے کہا کہ جیو اور جنگ کے ملازمین کے تمام مطالبات بالکل اسی طرح سے جائز ہیں جس طرح انہی ملازمین نے میر شکیل الرحمن کی گرفتاری کے وقت ان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا اور میر شکیل الرحمن نے اسے جائز مطالبہ سمجھا تھا انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں ملازمین کو وقت پر تنخواہیں نہ ملیں اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کیا جائے تو یہ ظلم کے مترادف ہے اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا بھی جہاد ہے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی نے میر شکیل الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملازمین کو زکوۃ کی آفر کررے ہیں وہ شاید بھول رہے ہیں کہ زکوۃ بچت پر دی جاتی ہے اور اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ وہ بے پناہ منافع کمارہے ہیں اور اپنی بے پناہ بچت پر زکوۃ نکال رہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ ملازمین کو زکوۃ دینے کی بجائے انہیں ان کا حق یعنی ان کی تنخواہ دیں اور مہنگائی کے تناسب سے اس میں اضافہ کریں انہوں نے اس موقع پر ادارے کے بعض ملازمین کے خطوط بھی پڑھ کر سنائے جس میں انہوں نے مہنگائی کے ہاتھوں اپنی بے پناہ پریشانی اور گھریلو مسائل بیان کیے تھے جبکہ ملازمین کی جانب سے احتجاج کی مناسبت سے لکھی گئی نظمیں بھی پڑھ کر سنائیں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری لیاقت علی رانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر شکیل الرحمن کو ایک ماہ سے جاری اس احتجاج کے باوجود اگر سمجھ نہیں آرہی ہے تو ہم اس احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے کراچی یونین آف جرنلسٹس پہلے دن سے جیو اور جنگ کے ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی اس موقع پر جیو ورکرز کمیٹی کے اظہر حسین نے کہا کہ جیو ہو یا جنگ یا دی نیوز اور جاوید پریس ان حالات میں اگر ملازمین اپنا سو فیصد نہیں دینا چاہتے تو انہیں اس کے لے مجبور نہیں کیا جاسکتا اس موقع پر جیو نیوز کی ورکرز کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اگر ہمارے احتجاج کا سلسلہ رمضان کی آمد تک بھی چلتا رہا تو ہم اپنی اس تحریک کو ماہ رمضان میں بھی جاری رکھیں گے اور تمام ملازمین اپنے دفاتر کے باہر سڑک پر افطاری کیا کریں گے اس موقع پر جیو ورکرز کمیٹی کے رکن یعقوب ہارون نے کہا کہ افطاری کے موقع پر ہم اپنے اہلخانہ کو بھی اس احتجاج میں شامل کریں گے اور انہیں دفاتر لے کر آئیں گے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جنگ کی کارکن شفق رفیع نے کہا کہ جنگ گروپ میں دو ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں اور چند روز بعد اسے تین ماہ ہوجائیں گے بغیر تنخواہ کے گھر نہیں چلتا یہ بات انتظامیہ کی سمجھ میں کیوں نہیں آتی اب تو دفتر آنے کی سکت بھی باقی نہیں رہی جنگ گروپ میں بعض ملازمین ایسے ہیں جن کے پاس اپنی دوائیں خریدنے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں شفق رفیع کے خطاب کے دوران کئی ملازمین آبدیدہ ہوگئے کراچی میں مظاہرے سے جاوید پریس کے رانا ذوالفقار، جیو نیوز کے عاطف اعوان بھی خطاب کیا جبکہ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر نعیم کھوکھر، خازن جاوید قریشی، جوائنٹ سیکریٹری سمیر قریشی، مجلس عاملہ کے رکن سجاد کھوکھر، مدثر غفور، یونس آفریدی اور فضل رزاق بابو سمیت کے یو جے کے کئی ارکان نے شرکت کی پشاور میں مظاہرے سے جیو نیوز کے بیورو چیف شکیل فرمان علی، سنئیر صحافی نادیہ صبوحی، سلیم کاشمیری، ابوبکرصدیق اور رضوان یوسفزئی نے خطاب کیا مظاہرین نے اس موقع پر اپنے مطالبات کے حق میں پرزور نعرے لگائے وہ اپنے ہاتھوں میں مختلف بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.