کے یو جے کا ہم نیوز میں ورکرز دوست اقدامات کا خیرمقدم

ہم نیوز میں تنخواہوں میں اضافہ اور فیول اور موبائل الاؤنس کی بحالی خوش آئند ہے، صدر نظام الدین صدیقی
جنگ اور ڈان گروپ، آج اور دنیا ٹی وی سمیت دیگر ادارے بھی کٹوتیاں واپس کریں،فہیم صدیقی

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے ہم نیوز چینل کی انتظامیہ کی جانب سے میڈیا ورکرز کی تنخواہوں میں اضافے، موبائل اور فیول الاؤنس کی بحالی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے دیگر میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی اپنے اداروں میں ناصرف تنخواہوں میں کی گئی کٹوتیاں بحال کریں بلکہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ بھی کریں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کے یو جے کے مطالبے پر ہم نیوز کا یہ اقدام خوش آئند ہے اس سے پہلے نائنٹی ٹو نیوز، نیو نیوز اور اے آر وائی بھی تنخواہوں میں کٹوتیوں کا فیصلہ واپس لے چکے ہیں اب دیگر میڈیا مالکان خاص طور پر جنگ گروپ، ڈان گروپ، دنیا گروپ، آج ٹی وی اور نیوز ون کے مالکان کے پاس کوئی عذر باقی نہیں رہتا کہ وہ یہ فیصلہ واپس نہ لیں بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں میڈیا مالکان نے ایک متفقہ فیصلے کے تحت اپنے منافع میں کمی کے باعث تنخواہوں میں کٹوتیاں کی تھیں لیکن اب وہ وقت ہے جب تمام ہی میڈیا ہاوس بہترین بزنس کررہے ہیں جبکہ حکومت بھی ناصرف سرکاری اشتہارات کے بقایا جات کی مد میں کروڑوں روپے ادا کرچکی ہے بلکہ مزید سرکاری اشتہارات بھی جاری کیے جارہے ہیں۔ بیان میں ہم نیوز کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کی گئی تمام کٹوتیاں یکمشت ملازمین کو واپس کریں کے یو جے نے چینل کے ملازمین کو تنخواہوں میں اضافہ، فیول اور موبائل الاؤنس کی کٹوتی کا فیصلہ واپس ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی ہے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی دیگر میڈیا ہاوسز نے کے یو جے کے مطالبات پر جس طرح خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اس پر کے یو جے نے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے مجلس عاملہ کا اجلاس جمعرات 30 اکتوبر کو طلب کرلیا ہے۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.