پی ایف یوجے کی تحریک نے پی ایم ڈی اے پر حکومتی آرڈیننس کا راستہ روک دیا ، یوسف رضا گیلانی کا ملتان میں کنونشن سے خطاب

ملتان سینٹ میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے جس نے میڈیا کی آزادی کیلئے ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔میڈیا کی آواز کا ساتھ دینا ہماری ذمہ داری ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کا پی ایم ڈی اے کے حوالے سے چارٹر آف ڈیمانڈ درست ہے اگر صحافت پر قدغن لگے گی تو ہم اس کی بھرپور مخالفت کریں گے، انھوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے کہاتھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے جس کہ واضع مثال یہ ہے کہ جس ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے مجھے جیل میں ڈالااسی کو مجھ سے عوامی وزیر اعظم کا حلف لینا پڑا اس سے بڑا جمہوری انتقام اور کیا ہوگا ان خیالات کا اظہار انھوں نے ملتان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام منعقدہ ملٹی سٹیک ہولڈرز میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ جب مجھے اس پروگرام کا دعوت نامہ ملا تو مجھے پارلیمنٹرین کے ہمراہ اٹلی کے شہر روم کے دورہ پر جانا تھا مگر روانگی سے چند گھنٹے قبل مجھے بتایا گیا کہ آپ کا نام ای سی ایل میں ہے آپ نہیں جاسکتے تو میں نے اپنے پاسپورٹ دیکھے جن کے ذریعے میں 2013ء سے لیکر اب تک 17ممالک کے دورے کرچکا ہوں اور اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے لیکن موجودہ جمہوری حکومت کہتی ہے کہ میرا نام ای سی ایل میں مگر مجھے خوشی ہوئی ہے کہ میں روم جانے کی بجائے آج اس پروگرام میں شریک ہوں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آئین پاکستان منظور کیا تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا لیکن ان کی پھانسی کے بعد ان کے رفقائے کار کو قید و بند کی صعوبیتیں برداشت کرنا پڑیں اور انھیں نظام حکومت سے دور رکھا گیا جس کے باعث ملک ترقی نہ کرسکا۔انھوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کے مابین چارٹر آف ڈیموکریسی سائن ہوا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے میری حکومت نے آئین کو بحال کرنے کیلئے اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کو اختیارات دیئے اگر یہ کام پہلے ہوجاتا تو آج ملک پاکستان دولحت نہ ہوتا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی تحریک نے پی ایم ڈی اے کے حوالے سے ہمارے اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے تعاون سے حکومتی آرڈیننس کا راستہ روک دیا ہے ہم آپ کے جائز حقوق کیلئے آپ کے ساتھ کھڑے ہیں افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے اگر برطانوی پارلیمنٹ میں بحث ہوسکتی ہے تو ہمارا تو وہ ہمسایہ ہے جس کیلئے میرا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ افغانستان کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا فوری اجلاس بلائے کیونکہ ہمیں مستحکم افغانستان کی اشد ضرورت ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسی بھی حکومت کی کامیابی اور ناکامی کا دارومدآر اس کی منشور پر عمل کرنے سے ہوتا ہے اگر آپ  منشور سے انحراف کرتے ہیں تو آپ کی حکومت ناکام ہے انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے منشور میں نوکریاں،گھر،مہنگائی میں کمی،ڈالر کی قیمتوں میں کمی سمیت بیرونی قرضے نہ لینے جیسے بلند وبانگ دعوے کئے تھے لیکن عملی طور پر سب کچھ اس کے برعکس ہورہا ہے۔میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ مہنگائی کا زہریلا سانپ ہرروز عوام کو ڈس رہا ہے اس صورتحال میں آپ سچائی کو سامنے آنے سے کیسے روک سکتے ہیں انھوں نے کہا کہ ایک طبقہ یہ سمجھتا ہے کہ ملک کے اصل مقتدر اعلی ہم ہیں اگر یہ سوچ نہ بدلی تو ملک چلانا مشکل ہوگا۔انھوں نے کہا کہ میں افواج پاکستان کو مقدس ترین ادارہ سمجھتا ہوں لیکن ہمارے ملک میں جتنے بھی ادارے ہیں ان کو مکمل آزادی نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا ورکرز شدید استحصال کا شکار ہورہے ہیں میں خود جیل میں ملک کے نامور صحافیوں کے ساتھ پابند سلاسل رہا ہوں انھوں نے کہاکہ میاں شہباز شریف نے اعتراف کیا ہے کہ ہاشمی صاحب اگر آپ پریس کانفرنس نہ کرتے تو ہمارا اقتدار شائد ایک سے دو دن تک کا تھا انھوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی قیادت کو یقین دلایا جب بھی اپنے حقوق کیلئے آپ نکلیں گے تو جاوید ہاشمی آپ کے ساتھ ہوگا۔ملٹی سٹیک ہولڈرز میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ صحافی شخصی آزادی میں ہر دور میں پیش پیش رہا ہے چاہے آمریت ہویا جمہوریت،تحریک انصاف والے جب عوامی جدوجہد میں تھے تو اس وقت ہم ان کے ساتھ کھڑے تھے جب یہ مظلوم ہونگے تو پھر ہم ان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔انھوں نے کہا کہ ہم نے کبھی فیک نیو کو سپورٹ نہیں کیا نہ ہی ہمار ا کو ئی ایجنڈا ہے کہ حکومت کے خلاف محاذ کھولیں ہم مسئلہ کے حل کی طرف جانا چاہتے ہیں جس کیلئے ہم نے حکومت کو پی ایم ڈی اے کے حوالے سے 19نکات پر مبنی چارٹر آف ڈیماند پیش کیا ہے اب یہ حکومت پر منحصر ہے کہ اب وہ کس اندازمیں مسئلہ حل کرنا چاہتی ہے انھوں نے کہاکہ اب تک ملک بھر سے میڈیا سے وابستہ 12سے 14ہزار افراد کو نوکریوں سے نکالا جاچکا ہے یہ 12سے 14ہزار افراد نہیں بلکہ خاندان ہیں انھوں نے کہا کہ ہم میڈیا ورکرز کے حقوق چاہتے ہیں اگر حکومت اس حوالے سے واقعی ہی سنجیدہ ہے تو ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ کو عملی جامعہ پہنائے بصورت دیگر کوئٹہ سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہوگا اس موقع پر انھوں نے ملتان میں کامیاب میڈیا کنونشن کرانے پر ملتان یونین آف جرنلسٹس کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے کہا کہ ملتان ہمیشہ سے حریت پسندوں کا خطہ رہا ہے اور اس شہر نے ہمشہ سے امریت کو للکاراہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اصل میں میڈیا مارشل لاء ہے اس سے پریس کے شعبہ پر مکمل طور پر قدغن لگانے کی کوشش کی جارہی ہے جو کامیاب نہیں ہونے دیں گے انھوں نے کہاکہ عالمی رینکنگ میں میڈیا کی آزادی کے حوالے سے پاکستان145ویں نمبر پر ہے جبکہ ایتھوپیا 143ویں نمبر پر ہے اس رینکنگ میں ہم ایتھوپیا جیسے ملک سے بھی نچلے درجہ پر ہیں انھوں نے کہ حکومت فیک نیو ز کے پردے میں پریس کی آزادی کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی ہے حالانکہ فیک نیو کی سب سے بڑی انڈسٹری منسٹری آف انفارمیشن ہے انھوں نے کہا کہ فیک نیوز حکومت ہم نہیں حکومت پھیلاتی ہے۔انھوں نے کہا کہ ماضی میں فیک نیو ز کے سہارے پاکستان پیپلز پارٹی کو ہٹایا گیا اور میاں محمد نواز شریف کی حکومتیں بھی فیک نیوزکا شکار ہوئیں پریس کی آزادی قوم کی آزادی ہے ہے جس کیلئے ہم تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک نقطہ پر منجمند ہونا ہوگا۔میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی نے کہا کہ ہمارے قائد عمران خان کی 22سالہ سیاسی جدوجہد کو میڈیا نے سپورٹ کیا جس کے باعث آج ہم اس مقام پر ہیں۔ہم نے اقتدار میں آنے کے بعد میڈیا ہاؤسسز کے سالہا سال سے رکے ہوئے واجبات کو کلیئر کیا ہے کیونکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ میڈیا نے عوام کو شعور دیاہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میڈیا سے کوئی دشمنی نہیں رکھتی لیکن ہم سب کو ملکر اس شخص کو بھی موقعہ دینا چاہیے کہ جس کے خلاف خبر لگتی ہے تو اسے بھی اپنی وضاحت کا موقع ملنا چاہیے۔سینئر صحافی و گروپ جوائنٹ ایڈیٹر روزنامہ پاکستان شوکت اشفاق نے کہا کہ سامراجی حکومیتں ہردور میں قلم اور آزادی اظہار کو دبانے کی کوشش میں رہیں ہیں اور ان کے حامیوں نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا ہے انھوں نے کہ موجودہ دور میں پاکستان میں بڑا انڈسٹریلسٹ، ریئل اسٹیٹ، کارخانہ دار،جاگیر دار ودیگر طاقت ور طبقہ آج سامراج کا حامی بن چکا ہے انھوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ کی توانا آواز اس صورت میں مؤثرہوگی جب آپ کا قبلہ ایک ہوگا کیونکہ موجودہ دور بھی ایک سامراج ہے۔میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر پی ایف یو جے رانا پرویز حمید نے کہا کہ میڈیا کو پابند سلاسل نہیں کیا جاسکتا لہذا سب کومل کرچلناہوگا۔تقریب سے نائب صدر پی ایف یو جے بخت زادہ یوسفزئی نے کہا کہ ہماری تحریک آج کی نہیں بہت پرانی ہے  یہ لڑائی بہت صبرآزماہے ہم توقع کرتے ہیں کہ آپ اس تحریک میں ہمارا ساتھ دیں گے۔میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جرنلسٹس، لائر ز جوائنٹ ایکشن فورم کے صدر ملک انوار الحق لابر نے کہا کہ وکلا ء کے پاس قانون اور صحافی کے پاس قلم کی طاقت ہے یہ جوائنٹ وینچر دنیا بھر میں نمونہ بنے گا انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں اس وقت سوکالڈ جمہوریت کا دورہ دورہ ہے جس کے خاتمہ کیلئے ہمیں شانہ بشانہ قانونی اور قلم کی جنگ لڑنا ہوگی۔میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق فنانس سیکرٹری پی ایف یو جے مظہر خان، فیڈرل ایگزیکٹو کونسل پی ایف یو جے کے ممبران ابراہیم خان، روف مان، جاوید اقبال عنبر، سینیر صحافی جمشید رضوانی، صدر ایم یو جے شکیل بلوچ، جنرل سیکرٹری ایم یو جے شفقت بھٹہ، سابق صدر ایم یو جے ملک شہادت حسین، ایم یو جے کے عہدیداران فنانس سیکرٹری رانا عرفان الاسلام، نائب صدور مظہر چودھری، شاہد سٹھو، جوائنٹ سیکرٹریز محمود احمد چودھری، مجاہد سلطان، اراکین مجلس عاملہ شہزاد خان درانی، بلال نیازی، آغا شاہد عظیم، طارق انصاری، راو وسیم اختر، عمران عثمانی، احتشام الحق، چودھری سلیم سندھو، رانا منور، آصف مختار بلوچ، مرکزی جنرل سیکرٹری ایپکا رانا اقبال نون،ریلوے گرینڈ الائنس کے صدر سید مبشر حسین شاہ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری چودھری اجمل، باغبان یونین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے صدر عاقل قریشی، ایمپلائز ویلفئیر یونین سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے سرپرست اعلی ملک منیر ہانس و دیگر عہدیداران، تحریک صوبہ ملتان کے چئیرمین راو عبدالقیوم شاہین و دیگر عہدیداران، صدر ایپکا جنوبی پنجاب اظہر گیلانی، واپڈا ہائیڈرو یونین کے رہنما مجاہد اعوان، صدر پریس کلب میلسی عزیز اللہ شاہ،صدر پریس کلب وہاڑی مختیار حسین بھٹی،صدر ایمپلائز یونین بی زیڈ یو ملک صفدر، صدر انصاف سٹاف یونین رخسار قریشی و دیگر رہنماؤں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں کو میڈیا کی آزادی کے حوالے سے شروع کی جانے والی ملک گیر تحریک میں اپنی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ کنونشن میں ندیم شاہ، اجمل چودھری، جہانگیر بھٹی، حمید الحسن، ملک اعظم، خالد کھاکھی، محمد آصف، رابعہ خان، علی عمران سہروردی، عبدالستار قمر، سعید مکول، رضوان اعوان، ملک امجد سعید، صفدر بخاری، ندیم ترین، واثق روف، سہیل شہزاد سمیت مختلف سرکاری نیم سرکاری،نجی تعلیمی، تاجر ان،سول سوسائٹی سمیت دیگر حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ن

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.