پی ایف یو جے کی ابصار عالم پر حملے کی مذمت، عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس سینئرصحافی و سابق چیئرمین پیمرا ابصارعالم پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے ہماراحکومت سے مطالبہ ہے کہ ان پر حملے میں ملوث افراد کو فورا ًگرفتار کیاجاۓ اور اس واقعے کی آزادانہ تحقیقات کیلئے ہائیکورٹ کے جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دیاجاۓ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذولفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صحافیوں پر حملے اب روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ اب تک سوسے زائد صحافی اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہو چکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں زخمی ہوۓ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں صحافیوں کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابصار عالم پر حملہ اس ملک میں آزادی اظہار رائے پر حملہ ہے ابصار عالم اپنے نظریات اور خیالات کے حوالے سے ایک واضح سوچ رکھتے ہیں اور ان کی سوچ سے اختلاف رکھنے والے ہی اصل میں اس حملے کے پیچھے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر ماضی میں سلیم شہزاد اغوا و قتل کمیشن یا حامد میر پر حملے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے لے آئی جاتی تو آج یہ واقعہ پیش نہ آتا۔ پی ایف یو جے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اگر آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے حوالے سے سنجیدہ ہے تو اسے ابصار عالم پر حملے کو ایک ٹیسٹ کیس کے طور پر لیتے ہوئے نہ صرف حملہ آوروں بلکہ واقعہ کے اصل ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے سامنے لانا چاہیے۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.