ایم کیو ایم نے جیو اور جنگ گروپ کے ملازمین کے مطالبات کی حمایت کردی

جنگ کے باہر مظاہرے میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کی وفد کے ہمراہ شرکت
مطالبات کی منظوری کے لیے جنگ انتظامیہ اور وفاق کی سطح پر بات کریں گے، وفاقی وزیر امین الحق
حکومت نے سرکاری اشتہارات کے ریٹس میں بھی اضافہ کردیا لیکن ملازمین کو کوئی فائدہ نہیں، مقررین
رمضان سے پہلے کم تنخواہ والے ملازمین کی تنخواہوں میں فوری اضافہ کیا جائے، جیو ورکرز کمیٹی
جنگ، دی نیوز اور جاوید پریس میں وقت پر تنخواہ، میڈیکل اور بونس بحال کیا جائے، رانا ذوالفقار

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر اور وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان جیو اور جنگ کے ملازمین کے تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور ان کی منظوری کے لیے جنگ گروپ کی انتظامیہ اور وفاقی حکومت کی سطح پر بات کرے گی۔ انہوں نے یہ بات کراچی یونین آف جرنلسٹس کی حمایت یافتہ جیو اور جنگ کے ملازمین کی احتجاجی تحریک کے دوران کراچی میں جنگ بلڈنگ کے باہر جیو، جنگ، دی نیوز اور جاوید پریس کے ملازمین کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہمیشہ اپنے صحافی ساتھیوں اور میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اس بار بھی ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کو جب نیب نے گرفتار کیا یا سابق حکومت نے میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی لانے کی کوشش کی باوجود حکومت کا حصہ ہونے کے ہم نے اس کی مخالفت کی ہے اور آج جیو اور جنگ کے ملازمین کو بروقت تنخواہوں، اس میں اضافے اور گریجویٹی اور پراویڈنٹ فنڈ کے معاملے پر ہم میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑے ہیں جنگ بلڈنگ کے باہر احتجاجی مظاہرے میں بدھ کو بھی جیو، جنگ، دی نیوز اور جاوید پریس کے سینکڑوں میڈیا ورکرز سمیت کراچی یونین آف جرنلسٹس کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر مطالبات کے حق میں پرزور نعرے لگائے گئے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک دفعہ پھر میڈیا مالکان کے مطالبے پر سرکاری اشتہارات کے ریٹس میں اضافہ کردیا ہے لیکن افسوس اس کا فائدہ ملازمین خاص طور پر جنگ گروپ کے ملازمین کو نہیں ہورہا ہے دوسرے میڈیا ہاوس ان حالات میں بھی اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں ناصرف اضافہ کررہے ہیں بلکہ انہیں دیگر مراعات بھی دے رہے ہیں جنگ گروپ جو میڈیا انڈسٹری کا لیڈر ہے وہ اپنے ملازمین کی اس مشکل وقت میں مدد کرنے کی بجائے ان کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی میں بھی تاخیر کررہا ہے مقررین کا کہنا تھا کہ ہم اپنا حق مانگ رہے ہیں مہنگائی نے ہماری کمر توڑ دی ہے اور واقعتا اس حال میں جینا مشکل ہوگیا ہے اس موقع پر جیو ورکرز کمیٹی کی جانب سے جنگ گروپ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ باوجود اسکے مہنگائی کے اس دور میں گھر چلانا ہر شخص کے لیے مشکل ہوگیا ہے رمضان سے پہلے کم از کم ان تمام ملازمین جن کی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ تک ہے ان کی تنخواہوں میں فی الفور اضافہ کیا جائے باقی ملازمین اور ہمارے دیگر مطالبات کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے رہنماوں نے اس موقع پر ایک بار پر جیو اور جنگ گروپ کے تمام ملازمین کو اپنے مکمل حمایت کا یقین دلایا اور مطالبہ کیا کہ جنگ گروپ کی انتظامیہ جنگ، دی نیوز اور جاوید پریس میں تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائے، میڈیکل کے لیے اسپتالوں کا پینل اور بونس بحال کیے جائیں مظاہرین اس موقع پر اپنے ہاتھوں میں مختلف بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرے سے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی، خازن جاوید قریشی، جیو ورکرز کمیٹی کے اظہر حسین، یعقوب ہارون، جاوید راجکوٹ اور رابعہ جمیل، سینئر صحافی اور روزنامہ جنگ کی میگزین ایڈیٹر رضیہ فرید، محمد اسلام اور جاوید پریس کے رانا شہباز نے بھی خطاب کیا۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.