عوام، ڈیلی نیوز اور دی نیوز سے برطرف ملازمین کو فوری بحال کیا جائے، کے یو جے

میر شکیل سوچیں کہیں ان کی گرفتاری قدرت کے مکافات عمل کے قانون کے تحت تو نہیں تھی، فہیم صدیقی

برطرف ملازمین کی کراچی پریس کلب سے جنگ بلڈنگ تک احتجاجی ریلی، انتظامیہ کیخلاف زبردست نعرے بازی کی

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے جنگ گروپ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ روزنامہ عوام، ڈیلی نیوز اور دی نیوز سے برطرف کیے گئے تمام ملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور ان کے واجبات بھی فوری طور پر ادا کیے جائیں۔ عوام ڈیلی نیوز اور دی نیوز کے ملازمین کی مشترکہ ایکشن کمیٹی کے تحت پیر کو کراچی پریس کلب سے جنگ بلڈنگ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور جنگ بلڈن کے باہر زبردست احتجاج کیا گیا مظاہرین اپنے ہاتھوں میں مختلف بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے تحریر تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے کہا کہ جنگ گروپ کے ملازمین کا میر شکیل الرحمن پر احسان ہے کہ انہوں نے میر شکیل الرحمن کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کیخلاف 18 ماہ تک مسلسل احتجاج کیا اس وقت نہ کرونا کی فکر کی نہ رمضان یا عید کا دن دیکھا آج وقت آگیا ہے کہ میر شکیل الرحمن ملازمین کے اس احسان کا بدلہ چکائیں اور تمام برطرف ملازمین کو فوری طور پر بحال کریں انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمن کو سوچنا چاہیے کہ ایک جھوٹے مقدمے میں ان کی گرفتاری کہیں قدرت کے مکافات عمل کے قانون کے تحت تو نہیں ہے جنگ گروپ سے برطرف ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت ہے اور یہ وہ ملازمین ہیں جو ایک رات پہلے اخبار چھاپ کر گھر پہنچے تو ان کی برطرفیوں کے لیٹرز ان کے منتظر تھے۔ ملازمین نے اپنے واجبات کی ادائیگی کے لیے عملدرآمد ٹریبونل میں کیسز دائر کیے ہوئے ہیں لیکن وہاں پر بھی جنگ گروپ کی انتظامیہ اپنے اثر و رسوخ کی بنیاد پر کیسز کی سماعت میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے کراچی میں سماعت مقرر کرکے اچانک ملتوی کردی جاتی ہے تین سالوں سے برطرف ملازمین کے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ ہر تاریخ پر اسلام آباد یا لاہور پہنچیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں انصاف کا قتل کیا جارہا ہے حکمران میڈیا مالکان کے اوچھے ہتھکنڈوں پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس آج ایک بار پھر یہ مطالبہ کرتی ہے کہ کراچی میں مستقل بنیادوں پر آئی ٹی این ای کے جج کی تعیناتی کی جائے تاکہ اخباری ملازمین کے مقدمات کی فوری سماعت ہوسکے اور انہیں انصاف مل سکے اس موقع پر جنگ ایمپلائز یونین کے جنرل سیکریٹری شکیل یامین کانگا، دی نیوز ایمپلائز یونین کے جنرل سیکریٹری دارا ظفر، کے یو جے دستور کے سابق جنرل سیکریٹری محمد عارف، کے یو جے کے سابق صدر امتیاز خان فاران اور روزنامہ عوام کے سابق ایڈیٹر نشید آفاقی نے بھی خطاب کیا

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.