پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے کوئٹہ میں روزنامہ آزادی کے رپورٹر و سب ایڈیٹر عبدا لواحد رئیسانی کے قتل پر گہرے صدمے اور شدید مذمت کا اظہار کیا ہے اور واحد رئسانی کے اہل خانہ سمیت کوئٹہ کے تمام صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بلوچستان حکومت سے مقتول صحافی واحد رئیسانی کے قتل کی تحقیقات کے لئے فوری طور پر بلوچستان ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور جنرل سیکریٹری ناصر زیدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ گہرے دکھ کی بات ہے صحافی گھرانے کے واحد رئیسانی کو کوئٹہ میں نامعلم قاتل مار کر چلے جائیں اور حکومت بلوچستان صرف تحقیقات کی یقین دہانیاں کراتی رہے۔ ان رہنماؤں نے حکومت کے اس غیر سنجیدہ طرز عمل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سال ملک بھر میں صرف چار ماہ میں سات سے آٹھ صحافی نا معلوم قاتل کی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں اور حکومت صرف تحقیقات کی تسلیاں دے کر نا معلوم قاتلوں کے حوصلے بڑھانے کا کام کر رہی ہے، پی ایف یو جے کی قیادت نے آزادی اخبار کوئٹہ کے صحافی واحد رئیسانی کے قتل کے محرکات جاننے کے لئے فوری طور پر جو ڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاق اور صوبے کی حکومت کو متنبہ کیا کہ اب اگر صحافیوں کی زندگیوں کو محفوظ کرنے میں تساہل کیا گیا تو پی ایف یو جے شدید عملی رد عمل کا مظاہرہ کرے گی پی ایف یو جے کے دونوں رہنماؤں نے قتل ہونے والے دیگر صحافیوں سمیت واحد رئیسانی کے قتل پر فوری جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا تاکہ نامعلوم قاتلوں کو جلد سے جلد کیفر کردار تک پہنچایاجا سکے۔
Leave a Reply