کراچی یونین آف جرنلسٹس نے جرنلسٹس پروٹیکشن بل پر اپنی سفارشات سندھ حکومت کو پیش کردیں

کے یو جے کے وفد کی صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات ناصر حسین شاہ سے ملاقات

جرنلسٹس پروٹیکشن بل کو جلد سندھ اسمبلی سے منظور کرالیا جائے گا، ناصر حسین شاہ

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے جرنلسٹس پروٹیکشن بل پر اپنی سفارشات سندھ حکومت کو پیش کردی ہیں اس سلسلے میں جمعرات کو کے یو جے کے ایک وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات ناصر حسین شاہ سے سندھ اسمبلی میں ملاقات کی ناصر حسین شاہ نے کے یو جے کو یقین دلایا ہے کہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل کو جلد ہی سندھ اسمبلی سے منظور کرالیا جائے گا۔ کے یو جے کے وفد کی سربراہی صدر نظام الدین صدیقی کررہے تھے جبکہ دیگر ارکان میں جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی، سینئر نائب صدر اعجاز شیخ اور سابق جنرل سیکریٹری احمد خان ملک شامل تھے جبکہ صوبائی سیکریٹری اطلاعات رفیق برڑو، ڈائریکٹر ایڈمن عظیم شاہ اور ڈائریکٹر پریس اینڈ انفارمیشن عزیز ہکڑو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کے یو جے کی جانب سے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے سندھ حکومت کے جرنلسٹس پروٹیکشن بل کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے حکومتی اقدامات میں یہ اب تک کی بہترین کوشش ہے کے یو جے نے نواز شریف دور میں وفاق کی سطح پر بننے والے جرنلسٹس ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن بل 2016  اور موجودہ حکومت کے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز بل 2020 سے اس کا موازنہ کیا ہے اور اسے کافی بہتر پایا ہے تاہم پھر بھی کے یو جے یہ سمجھتی ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقنینی بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اس میں مزید کچھ نکات کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ کے یو جے نے بل پر اپنی سفارشات تحریری طور پر صوبائی وزیر کو پیش کیں جنہیں سراہتے ہوئے ناصر شاہ نے سیکریٹری اطلاعات کو ہدایت کی ہے کہ کے یو جے کی سفارشات کو بل میں شامل کیا جائے۔ ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل کو سندھ اسمبلی کے جاری اجلاس میں ہی پیش کردیا جائے تاکہ جلد از جلد یہ قانون بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدایت پر سندھ حکومت صحافیوں کی صحت اور نوکریوں کے تحفظ کے لیے بھی ایک یونیورسل پروگرام پر کام کررہی ہے صحافتی تنظیمیں اپنے ارکان کو محکمہ محنت کے پاس رجسٹر کرائیں تاکہ قلم اور کیمرے کے مزدوروں کو بھی وہ حقوق مل سکیں جو صوبے کے دیگر مزدوروں کو حاصل ہیں۔ کے یو جے کے وفد نے اس موقع پر صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ کے اجرا میں درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں دور کرنے کا بھی مطالبہ کیا جس پر صوبائی وزیر نے سیکریٹری اطلاعات کو ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں بھی ایک یونیفارم پالیسی بنائی جائے تاکہ صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ باآسانی جاری ہوسکیں۔

جاری کردہ

فہیم صدیقی

جنرل سیکریٹری

کراچی یونین آف جرنلسٹس

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.