لاہور واقعات کی خبروں کی نشرواشاعت پر پابندی اور اس سے پیدا ہونے والے افواہیں ملکی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں،، پی ایف یو جے

اسلام آباد (پریس ریلیز) پی ایف یو جے کی لاہور واقعات سے متعلق خبروں کی نشر و اشاعت پر پابندی کی مذمت، قیادت نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ ایک مذہبی گروپ کے احتجاج کو روکنے کے لیے پولیس آپریشن اور مظاہرین کی مزاحمت کی کوریج پر پابندی سے جنم لینے والی افوہیں ملکی امن و سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں، صحافیوں کو حقائق رپورٹ کرنے اور لوگوں کوحقائق جاننے کا حق حاصل ہے جسے غصب نہیں کیا جا سکتا۔صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار اور سکریٹری جنرل ناصر زیدی نے جاری مشترکہ بیان میں اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے مذہبی گروپ کے دھرنے کو روکنے کے لیے پولیس آپریشن کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے متعلق مستند اطلاعات اور خبروں کی نشر واشاعت پر پابندی کی وجہ سے افواہیں پھیل رہی ہیں۔ جس سے نہ صرف الجھن پیدا ہوگی بلکہ لوگوں کے حکومت مخالف جذبات کو بھی ہوا ملے گی۔انہوں نے کہا ، “اس سے لوگوں کے حقائق جاننے کی آزادی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ مستند اور تصدیق شدہ اطلاعات حاصل کرنا لوگوں کا حق ہے جس سے لوگوں کو بے چیینی اور بے یقینی کی کیفیت میں مبتلا ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔ لیکن لاہور آپریشن کی خبروں پر پابندی کی وجہ سے پھیلنے والی افواہوں کے اثرات پنجاب کے کئی اضلاع میں نظر آ رہے ہیں۔پی ایف یو جے کی قیادت نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ وہ خبروں کی نشر و اشاعت اور معلومات کی ترسیل پرپابندی کا فیصلہ واپس لیں، کیونکہ اس سے میڈیا ورکرز کے لئے بھی پریشانی پیدا ہو رہی ہے۔ آزادی صحافت کے حوالے سے حکومت کے بلند و بانگ دعوؤں کے مقابلہ میں جس طرح کی رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ صورتحال انتہائی حساس ہے لیکن کسی بھی طرح کا میڈیا بلیک آؤٹ جیسا اقدام صورتحال کو مزید سنگین بنا دے گا، لہذا ایسی تمام پابندیوںکو فوری واپس لیا جائے۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.