کے یوجے کا جنگ گروپ کے جبری برطرف ملازمین کے احتجاج کی حمایت کا اعلان

کے یو جے پہلے بھی ان کے ساتھ کھڑی تھی آئندہ بھی شانہ بشانہ ہوگی، نظام الدین صدیقی
میڈیا مالکان کا فنانشل آڈٹ اور ڈمی اخبارات کی ڈیکلریشن منسوخ کی جائے، فہیم صدیقی

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے جنگ گروپ کے اخبارات روزنامہ عوام، دی نیوز اور ڈیلی نیوز سے جبری برطرف کیے گئے ملازمین کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور کراچی کی صحافی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ 10 فروری کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرکے صحافی اتحاد کا ثبوت دیں۔ کے یو جے کے صدر نظام الدین صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام ارکان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے صحافیوں کے حقوق کے لیے اٹھنے والی ہر آواز پر ہمیشہ لبیک کہا ہے جنگ گروپ سے برطرف کیے گئے ملازمین اپنی بحالی کی تحریک چلا رہے ہیں کے یو جے پہلے بھی ان کے ساتھ کھڑی تھی اور آئندہ بھی ان کے شانہ بشانہ ہوگی 10 فروری کو کراچی پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتال میں بھی کے یو جے کے ارکان حصہ ہوں گے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس بار پھر حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ تمام میڈیا مالکان کا فنانشل آڈٹ کرائے اور آڈٹ رپورٹ پبلک کی جائے اور ایسے تمام اخبارات جہاں سے ملازمین کو جبری برطرف کرکے بظاہر انہیں بند کردیا گیا ہے ان سے متعلق ان اطلاعات کا بھی نوٹس لیا جائے کہ ایسے اخبارات سرکاری اشتہارات کے لیے باقاعدگی سے ڈمی شایع کررہے ہیں۔ کے یو جے نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اخبارات کی ڈیکلریشن منسوخ کی جائے یا انہیں باقاعدگی سے شایع کرنے کے لیے یہ اخبارات ملازمین کے حوالے کردیے جائیں۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.