نیوز ون کی خرید و فروخت کا معاہدہ سامنے لایا جائے کہ بقایا جات کی ادائیگی کس کی ذمے داری ہوگی، صدر فہیم صدیقی
مریم اورنگزیب اور چیئرمین پیمرا اداروں کی سطح پر ضروری قانونی کارروائی سے پہلے بقایا جات کا مسئلہ حل کرائیں، جنرل سیکریٹری لیاقت رانا
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نیوز ون ٹی وی فروخت کیے جانے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور طاہر اے خان اور سیما طاہر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ادارہ نئے مالکان کے حوالے کرنے سے پہلے نیوز ون کے ملازمین کی کئی ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نیوز ون خریدنے والی پارٹی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ پہلے ملازمین کی تنخواہوں اور بقایا جات کا مسئلہ حل کریں اور نیوز ون کی خرید و فروخت کا معاہدہ سامنے لایا جائے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی اور جنرل سیکریٹری لیاقت علی رانا سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نیوز ون میڈیا انڈسٹری کا وہ انوکھا ادارہ ہے جہاں ہر دور میں بے پناہ منافع کے باوجود ملازمین کی تنخواہوں کے مسئلے حل نہیں ہوتے اس وقت بھی ادارے میں مختلف ڈپارٹمنٹس کے مختلف ملازمین کی کئی کئی ماہ کی تنخواہیں واجب الادا ہیں ادارے کی انتظامیہ نے کچھ عرصے پہلے ماضی کی تنخواہوں کو التوا میں ڈالتے ہوئے موجودہ تنخواہیں وقت پر دینا شروع کیں لیکن اب ان کی ادائیگی میں بھی تاخیر ہورہی ہے ایسے میں ادارے کی فروخت کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس ویسے تو میڈیا انڈسٹری میں نئے آنے والوں کو خوش آمدید کہتی ہے تاکہ میڈیا انڈسٹری کو مزید فروغ ملے لیکن نیوز ون سے جڑے مسائل کی وجہ سے کراچی یونین آف جرنلسٹس اس سودے پر تشویش میں مبتلا ہے کہ آیا ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ پرانی انتظامیہ حل کرے گی یا خرید و فروخت کے معاہدے میں یہ ذمے داری نئی انتظامیہ نے اپنے ذمے لی ۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نیوز ون کی خرید و فروخت کا معاہدہ سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس حوالے سے نیوز ون کے ملازمین ہی نہیں بلکہ کراچی سمیت پورے ملک کی صحافی برادری پر صورتحال واضح ہوسکے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے اور چیئرمین پیمرا سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ نیوز ون کی خرید و فروخت کے سلسلے میں اداروں کی سطح پر ضروری قانونی کارروائی سے پہلے ملازمین کے بقایا جات اور رکی ہوئی تنخواہوں کا مسئلہ حل کرائیں۔
جاری کردہ
لیاقت علی رانا
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس
Leave a Reply