کے یو جے کا سینئر صحافی منور عالم کے ساتھ پیش انے والے واقعے پر اظہار تشویش

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سینئر صحافی اور کے یو جےی کے رکن منور عالم کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی مکمل تحقیقات کرکے اس کی رپورٹ سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن میں پیش کی جائے۔ کے یو جے کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سینئر صحافی منور عالم شاہراہ فیصل پر سفر کررہے تھے کہ انہیں عقب سے آنے والی ایک کار نے پہلے پیچھے سے ٹکر ماری اور جب وہ رک گئے تو کار میں شخص نے انہیں زبردستی اپنی کار میں ڈالنے کی کوشش کی تاہم منور عالم کی مزاحمت اور لوگوں کے جمع ہوجانے کی وجہ سے وہ ایسا کرنے میں ناکام رہا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ کے یو جے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دن دہاڑے شہر کی مصروف ترین شاہراہ سے ایک سینئر صحافی کے اغوا کی کوشش شہر میں امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے۔ سندھ حکومت فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لے اور ذمے داروں کا تعین کرے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کام شروع نہیں کردیتا صحافیوں کے خلاف واقعات کا تسلسل یونہی رہے گا۔ ایسے واقعات کو روکنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ کسی ایک واقعے کو مثال بنادیا جائے اور اس میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کڑی سے کڑی سزا دی جائے اور اس کے لیے سندھ جرنلسٹس اینڈ ادر میڈیا پریکٹیشنرز پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کمیشن کا فعال بنانا ہوگا۔ بیان میں حکومت سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا گیا ہے کہ منور عالم کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کرکے اس کی رپورٹ سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کے پہلے اجلاس میں پیش کی جائے۔

جاری کردہ
فہیم صدیقی
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.