امت اخبار کے ملازمین کے واجبات، ادائیگی کا معاہدہ ہوگیا، کے یو جے ضامن بن گئی

امت اخبار کے ملازمین کے واجبات، ادائیگی کا معاہدہ ہوگیا، کے یو جے ضامن بن گئی
کے یو جے کی مداخلت سے ڈیڈ لاک ختم، دونوں فریقوں نے معاہدے پر دستخط کردیے، ملازمین کو مبارکباد
معاہدے کے نتیجے میں حائل قانونی رکاوٹیں دور ہوسکیں گی، ایک ہفتے میں پہلے مرحلے کے واجبات کی ادائیگی ممکن
چیک پر دستخط مدیر امت نصیر ہاشمی، واجبات کی رقم کی حتمی منظوری ناصر افغان دیں گے، معاہدے کے نکات

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے روزنامہ امت کے ملازمین کے 18 سے 20 ماہ کے واجبات کی ادائیگی رفیق افغان مرحوم کی وصیت کے مطابق کرنے کیلئے روزنامہ امت کی انتظامیہ کے دو گروپوں میں بالآخر معاہدہ طے پاجانے پر امت کے ملازمین کو مبارکباد پیش کی ہے۔ معاہدے کے نتیجے میں قانونی ضرورتیں پوری ہونے کے بعد زیادہ سے زیادہ ایک ہفتے میں ملازمین کو پہلے مرحلے کے واجبات ادا کردیئے جائیں گے۔ جبکہ فروخت شدہ پلاٹ کی بقیہ رقم کی ادائیگی تین ماہ میں مکمل ہو جائے گی۔ پیر کو رات گئے ہونے والے معاہدے سے قبل انتظامیہ کے دونوں گروپس میں مذاکرات کیلئے کے یو جے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے پل کا کردار ادا کیا۔ معاملے کے دو فریق رفیق افغان کے بھائی ڈاکٹر ناصر افغان اور مرحوم کے بیٹے علی حمزہ ہیں جو واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر بعض نکات پر اتفاق نہیں کرپارہے تھے تاہم کے یو جے کی مداخلت کے بعد دونوں گروپس واجبات کی ادائیگی کے طریقہ کار اور اس کی راہ میں حائل قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے پر راضی ہوگئے۔ دونوں فریقوں نے اس حوالے سے ایک تحریری معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کی ضامن کے یو جے بنی ہے۔ معاہدے پر روزنامہ امت کی انتظامیہ کی طرف سے ناصر افغان، علی حمزہ افغان ، صائمہ اکبر اور آصف سعود نے دستخط کئے جبکہ کے یو جے سیکریٹری فہیم صدیقی نے بطور ضامن دستخط کئے ہیں معاہدے پر روزنامہ امت کے ملازمین اور یونین کے عہدیداروں نے بھی دستخط کئے ہیں ۔معاہدے کے مطابق روزنامہ امت کے ملازمین کو راولپنڈی میں واقع پلاٹ کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے واجبات ادا کئے جائیں گے اور اس مقصد کیلئے چیکس پر دستخط کی اتھارٹی روزنامہ امت کے مدیر نصیر ہاشمی کو دی گئی ہے۔ ملازمین کے واجبات کی رقم کی حتمی منظوری ناصر افغان کریں گے جس کے بعد ہی چیکس جاری کئے جائیں گے۔

 

جاری کردہ
فہیم صدیقی
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.