میڈیا ہاوسز کی صورتحال پر کے یو جے کا مالکان کو انتباہ، تحریک چلانے کا عندیہ دیدیا, تنخواہوں میں کی گئی کٹوتیاں واپس، تنخواہوں میں عدم اور تاخیر سے ادائیگی کا سلسلہ بند کیا جائے، کے یو جے

وزیراعلی سندھ سے جرنلسٹس پروٹیکشن بل کے تحت کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے کا مطالبہ
ڈان اخبار، جنگ گروپ اور نیوز ون سمیت کئی ادارے ملازمین کا مالی استحصال کررہے ہیں، کے یو جے
اے آر وائی کا منافع ملازمین تک منتقل کرنے کا اعلان قابل ستائش اور دیگر میڈیا مالکان کیلئے قابل تقلید ہے، کے یو جے
کے یو جے کی نومنتخب مجلس عاملہ کے پہلے اجلاس میں الیکشن کمیٹی سمیت کئی کمیٹیاں قائم، تنظیمی امور پر اہم فیصلے

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے بعض میڈیا ہاوسز میں ملازمین کی تنخواہوں میں کی گئی کٹوتیاں واپس نہ کرنے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور تاخیر سے ادائیگی پر ان میڈیا ہاوسز کے مالکان کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی روش تبدیل کریں بصورت دیگر کراچی یونین آف جرنلسٹس ماضی کی طرز ان میڈیا ہاوسز کیخلاف باقاعدہ احتجاجی تحریک کا آغآز کرے گی جس کے دوران ایسے تمام میڈیا ہاوسز کا مکمل گھیراو کیا جائے گا۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سندھ اسمبلی سے منظور کردہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل کے تحت کمیشن کے قیام کے نوٹیفکیشن کے اجرا میں تاخیر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزیراعلی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کریں، کراچی یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب مجلس عاملہ کا پہلا اجلاس صدر شاہد اقبال کی صدارت میں کراچی پریس کلب میں ہوا جس میں میڈیا انڈسٹری کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ میڈیا مالکان اس وقت بہترین منافع کما رہے ہیں ان کی پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں ہے لیکن اس کے باوجود وہ اپنے ملازمین تک یہ منافع منتقل نہیں کررہے میڈیا ہاوسز نے موجودہ حکومت کے آنے کے بعد خود کو خسارے میں ظاہر کرکے کئی ہزار ملازمین کو رائٹ اور ڈاون سائزنگ کے نام پر نوکریوں سے برطرف کیا اور جو ملازمین بچ گئے ان کی تنخواہوں میں 10 فیصد سے 40 فیصد تک کٹوتیاں کی گئیں۔ لیکن اس وقت جب تمام ہی میڈیا ہاوس بہترین بزنس کررہے ہیں اور موجودہ حکومت کی جانب سے ان کے تمام بقایا جات ادا کیے جاچکے ہیں اس وقت بھی مختلف میڈیا ہاوسز ناصرف وقت پر تنخواہیں ادا نہیں کررہے بلکہ تنخواہوں میں کی گئی کٹوتیاں بھی واپس نہیں کی جارہیں، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر اے آر وائی کی انتظامیہ کی جانب سے منافع ملازمین کی سطح تک منتقل کرنے کے اعلان کو سراہا گیا اور اسے دیگر میڈیا مالکان کے لیے قابل تقلید قرار دیا گیا اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈان اخبار میں ایک طرف ملازمین کی تنخواہوں میں کی گئی کٹوتیاں واپس نہیں کی جارہیں اور دوسری طرف انتہائی بھونڈے طریقے سے آٹھویں ویج ایوارڈ کا نفاذ کیا گیا ہے جس سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہونے کی بجائے اس میں مزید کمی ہوگئی ہے۔ اجلاس میں جنگ گروپ میں بھی تنخواہوں کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر اور جیو نیوز میں کی گئی کٹوتیاں ایڈجسٹمنٹ کے نام پر اور وہ بھی مارچ 2022 کی تںخواہ میں واپس کرنے کے اعلان کو افسوسناک قرار دیا گیا اجلاس میں کہا گیا کہ اس وقت جنگ گروپ اپنی تاریخ کے سب سے بہترین دور سے گزر رہا ہے ادارہ ماہانہ ایک ارب روپے سے بھی زیادہ کما رہا ہے لیکن ملازمین کو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہورہا ہے اجلاس میں نیوز ون ٹی وی کی صورتحال پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا جہاں ملازمین کی 4 ماہ سے 7 ماہ تک تنخواہیں واجب الادا ہیں۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر فواد چوہدری سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور میڈیا مالکان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا اجلاس میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے حالیہ انتخابات میں الیکشن کمیٹی کی کارکردگی کا سراہا گیا اور جنوری 2023 میں ہونے والے انتخابات کے لیے بھی اسی کمیٹی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا الیکشن کمیٹی معروف سماجی رہنما کرامت علی کی سربراہی میں ہوگی جس کے دیگر ارکان میں اسد بٹ، مہناز رحمان، ناصر منصور اور فیصل صدیقی ہوں گے اجلاس میں یونٹ الیکشن کے لیے جوائنٹ سیکریٹری سمیر قریشی کی سربراہی میں ایک چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو یونٹس میں انتخابات کا انعقاد کرائے گی اجلاس میں کے یو جے کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے کئی دیگر کمیٹیز کے قیام سمیت تنظیمی امور پر بعض اہم نوعیت کے فیصلے بھی کیے گئے۔
جاری کردہ
فہیم صدیقی
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.