کراچی یونین آف جرنلسٹس کے اجلاس عام میں سالانہ کارکردگی رپورٹ، مالیاتی رپورٹ اور اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کی منظوری دیدی گئی
کراچی یونین آف جرنلسٹس کا سالانہ اجلاس عام صدر نظام الدین صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اجلاس میں جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی کی جانب سے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جسے ایوان کی جانب سے زبردست سراہتے ہوئے اسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا اس موقع پر کے یو جے کے ویب سائٹ کی پریزنٹیشن بھی دی گئی جس پر ناصرف کے یو جے کی سرگرمیوں کی خبریں موجود ہیں بلکہ کے یو جے اور پی ایف یو جے کا تعارف، آئین اور مکمل تاریخ بھی رکھی گئی ہے اجلاس کو بتایا گیا کہ کے یو جے کی ویب سائٹ ملک میں کسی بھی صحافی تنظیم کی پہلی ویب سائٹ ہے جس پر ممبرز کے لیے لاگن کا آپشن بھی رکھا گیا ہے تاہم اس سے پہلے انہیں خود کو رجسٹر کرنا ہوگا۔ ویب سائٹ کے ذریعے کراچی کے صحافیوں کا مختلف ڈیٹا بھی اکھٹا کیا جارہا ہے جبکہ ممبران کے لیے فیس کی ادائیگی کا آپشن بھی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ اجلاس عام میں ارکان کی طرف سے ویب سائٹ کے قیام کو بھی سراہا گیا اور اسے جدید تقاضوں کے عین مطابق قرار دیا گیا اجلاس میں چیئرمین اسکروٹنی کمیٹی اعجاز شیخ کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ کمیٹی نے اسکروٹنی کے نتیجے میں 640 افراد کے نام جنرل ممبر شپ لسٹ سے نکال دیئے ہیں جس میں انتقال کرجانے والے 50 ارکان بھی شامل ہیں جبکہ سرکاری ملازمت اختیار کرلینے والے ، بیرون ملک منتقل ہوجانے والے یا صحافت کو بطور شعبہ چھوڑ دینے والے افراد بھی ان میں شامل ہیں اجلاس نے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو سراہتے ہوئے اس کی بھی منظوری دیدی جبکہ خازن لیاقت رانا کی جانب سے پیش کی گئی مالیاتی رپورٹ بھی اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے نئی رکنیت سازی کے معاملے پر کمیٹی کے قیام کی تجویز کو کثرت رائے سے مسترد کردیا گیا۔
Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.