اسلام آباد(پریس ریلیز)پی ایف یوجے نے وفاقی وزیر اسد عمرکے میڈیا پرسہولت کاری کے الزامات اور لانگ مارچ کرنے پر تشدد کی دھمکی

اسلام آباد(پریس ریلیز)پی ایف یوجے نے وفاقی وزیر اسد عمرکے میڈیا پرسہولت کاری کے الزامات اور لانگ مارچ کرنے پر تشدد کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئی حکومت کو خبردارکیاہے کہ وہ میڈیا کے خلاف غیر جمہوری یا فاشسٹ زبان اور لہجے کا استعمال نہ کرے۔پرامن احتجاج اور جدوجہدجمہوری معاشرے کا حسن اور ہر شہری کا بنیادی حق ہے، سے غصب نہیں کیاجا سکتا، پی ایف یوجے نے ہر طرح کے حالات میں آزادی ء اظہار اور آزادی ء صحافت کا پرچم بلند رکھا، اور انتہائی نا مساعد حالات بشمول مارشلائی ادوار اپنے مقصد کوہمیشہ مقدم رکھا ہے، اور اب بھی اسی لیے جدوجہد کر رہی ہے تاکہ پاکستان میں صحافت اور آزادی ء اظہار پر قدغن لگانے والی غیر جمہوری قوتوں کو ان کے ارادوں سے باز رکھا جا سکے۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے ایک مشترکہ بیان میں وفاقی وزیر اسد عمر کے میڈیا پر پی ایم ڈی احتجاج کے لیے سہولت کاری کے الزامات اور لانگ مارچ کرنے پر”کُٹ لگانے”کی دھمکی جیسے بیانات کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک وفاقی وزیر کے ایسے غیر جمہوری اور غیر ذمہ دارانہ بیان پرنوٹس لیتے ہوئے انہیں اس بات کا پابند کرنا چاہئیے کہ وہ اپنے انتہا پسندانہ نظریات پر معافی مانگیں۔ پی ایف یو جے رہنماؤں نے وزیر اعظم کے نام پیغام میں کہا کہ ایسے وزراء کو اخلاقی تربیت دیں ورنہ یہ اپنی ہی پارٹی کے لیے نقصان کاباعث بنیں گے۔صدر شہزادہ ذوالفقار نے اسد عمر کے سہولت کاری برائے پی ڈی ایم احتجاج کے بیان کی پرو زور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے پلیٹ فارم سے ہم مطمئن ہیں کہ معتدل صحافتی ادارے اور صحافی خبرکی ترسیل اور غیر جانبدارانہ رائے عوام کے سامنے رکھنے کے علاوہ کسی قسم کی غیر جمہوری کوشش کاحصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات میڈیا پر تھوپنے کی کوشش ہرگز نہ کریں، ایسی کسی بھی شر انگیزی سے پاکستان اور عوام سمیت کسی کا بھلا نہیں ہو گا۔ سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے اسلام آباد میں احتجاجی لانگ مارچ کی صورت میں مار پڑنے کے بیان پر اسد عمر اور وفاقی حکومت کو خبردار کیا کہ مارنے اور روکنے کی باتیں پہلی بار نہیں سن رہے، بلکہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی تاریخ قربانیوں اور مزاحمت سے عبارت ہے۔ اگر کسی کو زور بازو آزمانا ہے تواب بھی آزما کر دیکھ لے۔ ہم کسی صورت میڈیا پرپابندیاں یا آزادی صحافت واظہار رائے پر قدغن قبول نہیں کریں گے، اور اس مقصدکیلیے جس حد تک ضروری ہوا، جائیں گے۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.