فیصل آباد ()پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پی ایم ڈی اے کو میڈیا مارشل لاء قرار دیا ہے

فیصل آباد ()پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پی ایم ڈی اے کو میڈیا مارشل لاء قرار دیا ہے اور اس کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ میڈیا ورکرز کے حقوق کے غصب کرنے والے میڈیا مالکان اور میڈیا ریگولیٹری اداروں کے خلاف بھرپور جدوجہد کرنے اور اس کیلئے لانگ مارچ سمیت احتجاج کے تمام آپشن استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلانات گزشتہ روز فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ بار میں منعقدہ ملٹی سٹیک ہولڈرز کنونشن سے خطاب کے دوران مقررین نے کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اہل اقتدار پی ایم ڈی اے کی شکل میں میڈیا کو کنٹرول کرنے والے اتھارٹی بنانے اور اظہار کی آزادیاں صلب کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ حکمران ٹولے نے مجوزہ طور پر نیوزپیپرایمپلائز کنڈیشن آف سروسز ایکٹ ختم کرنے کا عندیہ دے کر اپنے عزائم کا اظہار کردیا ہے اور اس صورتحال کو برداشت کرنا ممکن نہیں ہے۔ پی ایف یو جے اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ حکومت کو دیدیا ہے اس سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ میڈیا پر پابندیوں کے کالے قوانین کے خلاف جرنلسٹس اور سول سوسائٹی میدان عمل میں آچکی ہے۔ ہم کالے قوانین کی روک تھام تک میدان میں رہیں گے۔ سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی نے کہا کہ میڈیا مارشل لاء صرف صحافیوں اور میڈیا کے اداروں کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پوری سوسائٹی کو یرغمال بنانے اور عوام کی آواز کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔ سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ پی ایف یو جے اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر چکی ہے۔ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہم کویٹہ سے اسلام آباد لانگ مارچ بھی کریں گے اور پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا بھی دیں گے۔ پی ایف یو کے سینئر اسسٹنٹ سیکرٹری حامد یاسین نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ میڈیا کیلئے مارشل لائی قوانین بنائے جارہے ہیں ہم ماضی میں بھی مارشل لاء اور میڈیا سنسر شپ کا مقابلہ کر چکے ہیں اب بھی ظلم اور نا انصافی کو قبول نہیں کریں گے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار کے صدر چوہدری محمد اختر ورک نے کہا کہ ناانصافیوں اور پابندیوں کو وکلاء نے نہ پہلے کبھی قبول کیا اور نہ اب کریں گے۔ لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین بابا محمد لطیف انصاری نے کہا کہ پی ایف یو جے کی تحریک میں ہم ان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ لانگ مارچ اور فیصلہ کن دھرنے میں اس کا بھرپور حصہ لیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی کے سٹی صدر رانا نعیم دستگیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ پسے ہوئے طبقات کے ساتھ رہی ہے اب بھی پی ایف یو جے کی تحریک میں بھرپور شرکت کرے گی۔ کنونشن سے پاکستان روڈ ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن کے چیئرمین میاں شہباز احمد، سابق ایم پی اے نورالنساء ملک، سابق ڈپٹی مئیر سکینہ چوہدری، سیکرٹری نیشنل پریس کلب اسلام آباد انور رضا، سابق صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس علی رضا علوی، صدر فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس ندیم جاوید، جنرل سیکرٹری ایف یو جے چوہدری آصف غفار اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.