بے پناہ منافع اور کروڑوں کے حکومتی واجبات کی وصولی کے بعد اب میڈیا ورکرز کا سوچیں، صدر نظام صدیقی
حکومت پی ایم ڈی اے کی بجائے موجودہ قوانین کے تحت مالکان کیخلاف کارروائی کرے، فہیم صدیقی
آئی ٹی این ای میں میڈیا ورکرز کے 7 ہزار سے زائد کیسز زیرسماعت ہیں حکومت 7 ماہ سے خالی عہدے پر جج تعینات کرے، کے یو جے
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دو سال قبل خسارے کا رونا رو کر میڈیا ورکرز کی تنخواہوں میں کی گئی غیرضروری کٹوتیاں فوری طور پر ناصرف بحال کریں بلکہ دونوں ہاتھوں سے کی گئی کمائی اور حکومت سے ملنے والے کروڑوں روپے کے بقایا جات سے اس عرصے میں کی گئی تمام کٹوتیاں یکمشت ادا کریں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا مالکان نے تقریبا دو سال قبل ایک طے شدہ منصوبے کے تحت تقریبا تمام ہی میڈیا ہاوسز میں ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد سے 40 فیصد تک کٹوتیاں کیں اس وقت موقف یہ اختیار کیا گیا تھا کہ میڈیا ورکرز کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کی بجائے تنخواہوں میں کٹوتی کرکے خسارے پر قابو پانے کی کوشش کے تحت ایسا کیا گیا ہے لیکن عملا ایسا نہیں تھا کٹوتیوں کے باوجود مختلف میڈیا ہاوسز نے ناصرف اپنے ملازمین کو جبری برطرف کیا بلکہ آج بھی کئی اداروں میں کئی کئی ماہ کی تنخواہیں واجب الادا ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کے یو جے نے اس وقت بھی میڈیا مالکان کے ان ہتھکنڈوں کے خلاف آواز بلند کی تھی اور آج ایک دفعہ پھر ان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر تنخواہوں میں کی گئی تمام کٹوتیاں واجبات کے ساتھ واپس کریں بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا مالکان گذشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے دونوں ہاتھوں سے سرمایہ لوٹ رہے ہیں کوئی میڈیا ہاوس بھی اس وقت ایسا نہیں ہے جس کے پاس سرکاری اور نجی اداروں کے اشتہارات کی کمی ہو جبکہ حکومت بھی سرکاری اشتہارات کے بقایا جات کی مد میں ایک سے زائد بار کروڑوں روپے کی ادائیکگیاں کرچکی ہے ان حالات میں کے یو جے یہ مطالبہ کرنے میں حق بجانب ہے کہ اپنے منافع میں ہوئے خسارے کو ختم کرنے کی بجائے اب میڈیا مالکان ان میڈیا ورکرز کی طرف بھی دیکھیں جنہیں وہ پی ایم ڈی اے کے خلاف استعمال کرنے کا سوچ رہے تھے پی ایف یو جے اور کے یو جے نے اپنے اصولی موقف کے تحت پی ایم ڈی اے کی مخالفت کی تھی لیکن وہ میڈیا مالکان کی نیت سے بخوبی واقف ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت بھی پی ایم ڈی اے کے ذریعے میڈیا مالکان اور صحافیوں کو کنٹرول کرنے کا سوچ رہی ہے کے یو جے کا اس وقت بھی یہی مطالبہ ہے کہ حکومت پہلے سے موجود قوانین کا استعمال کرتے ہوئے میڈیا مالکان کی میڈیا ورکرز کے خلاف کی گئی زیادتیوں پر کارروائی کرے بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اگر خود کو میڈیا ورکر دوست ثابت کرنا چاہتی ہے تو فوری طور پر آئی ٹی این ای کے جج کے 7 ماہ سے خالی عہدے پر تعیناتی کرے جہاں میڈیا مالکان کیخلاف میڈیا ورکرز کے 7 ہزار سے زائد مقدمات زیر سماعت ہیں۔
جاری کردہ
فہیم صدیقی
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس
Leave a Reply