سندھ اسمبلی سے صحافیوں کے تحفظ کیلئے ضروری قانون سازی پر کے یو جے کا اظہار اطمینان
بل کی سندھ اسمبلی سے منظوری پر کراچی سمیت سندھ بھر کی صحافی برادری مبارکباد کی مستحق ہے، نظام صدیقی صدر کے یو جے
سندھ پہلا صوبہ اور پاکستان خطے کا پہلا ملک بن گیا جہاں صحافیوں کے تحفظ کا قانون ہے، فہیم صدیقی، جنرل سیکریٹری کے یو جے
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کراچی سمیت سندھ بھر کی صحافی برادری کو سندھ اسمبلی سے صحافیوں کے تحفظ کے قانون کی منظوری پر مبارکباد پیش کی ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی سندھ کی طرز پر صحافیوں کے تحفظ کے لیے تیار کردہ بل کو جلد از جلد قومی اسمبلی میں پیش کرکے اس کی منظوری لے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں “دی سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ ادر میڈیا پریکٹیشنرز بل 2021” کی سندھ اسمبلی سے منظوری پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کی جانب سے بل کی منظوری کے بعد سندھ ناصرف وہ پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے صحافیوں سمیت تمام میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لیے ضروری قانون سازی کی ہے بلکہ اس سے پاکستان کو اقوام عالم میں بھی ایک نمایاں حیثیت ملی ہے کیونکہ پاکستان جس خطے میں واقع وہاں کسی بھی ملک میں صحافیوں کے تحفظ سے متعلق ایسا کوئی قانون موجود نہیں ہے۔ بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات ناصر حسین شاہ، وزیراعلی کے معاون خصوصی مرتضی وہاب اور سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و پارلیمانی امور کے تمام اراکین کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا گیا جہوں نے اس بل کی تیاری سے منظوری تک ذاتی دلچسپی لی۔ کے یو جے نے متاثرہ صحافیوں کو سندھ حکومت کی جانب سے قانونی مدد فراہم کرنے سے متعلق متحدہ قومی موومنٹ کی پیش کردہ ترمیم کو بھی مثبت اور بروقت قرار دیا ہے اور اسے سراہتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ فنکشنل سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے بھی صحافیوں کے تحفظ کے لیے ضروری قانون سازی میں جس طرح حصہ لیا اور بل کو اتفاق رائے سے منظور کیا ہے اس پر کراچی سمیت سندھ کی صحافی برادری ان کی شکر گزار ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ امید ہے کہ بل کی منظوری کے بعد سندھ حکومت جلد ہی جرنلسٹ پروٹیکشن کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی جس کے قواعد و ضوابط کے لیے بھی کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اپنی سفارشات تیار کررکھی ہیں جو نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد کمیشن کو پیش کردی جائیں گی۔
جاری کردہ
فہیم صدیقی
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس
Leave a Reply