پنجاب یونین آف جرنلسٹس کا پی ایف یوجے کی کال پر صحافی اسد طور پر حملہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

لاہور( پ ر ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے اسلام آباد میں نوجوان صحافی اسد علی طور پر نامعلوم افراد کے تشدد کی شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ان نامعلوم افراد کو بے نقاب کرے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔احتجاجی مظاہرے میں خصوصی طور انسانی حقوق کمیشن کی رہنما محترمہ حنا جیلانی،سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سلمان اکرم راجا، پی ایف یوجے کے خزانچی ذوالفقار علی مہتو،پی یوجے کے صدر قمرالزمان بھٹی، جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب حسن،لاہور پریس کلب کہ صدر ارشد انصاری، حقوق خلق موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمار علی جان، فاروق طارق،اے این پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری امیر بہادر خان ہوتی، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر ایاز شجاع،سیکرٹری شہزادملک، سوشل ایکٹوسٹ سیدہ دیپ، پی ایف یوجے کے ممبر ایف ای سی سعید اختر،نائب صدر پی یوجے محمد بابر،خزانچی ندیم شیخ سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حنا جیلانی نے کہا کہ یہ آزادی صحافت ہی نہیں بل کہ آزادی اظہار، شہری آزادی اورانسانی حقوق کا مسئلہ ہے جس کے لئے پورے ملک کے عوام اور سول سوسائٹی کو صحافیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کمیشن، پاکستان کے صحافیوں اور پی ایف یوجے کے ساتھ کھڑاہے۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ آزادی صحافت کے حوالے سے اسلام آباد پاکستان کے صحافیوں کے لیے خطرناک ترین شہر بن چکا ہے۔حامد میر سے لے کر مطیع اللہ جان،ابصار عالم اور اب نوجوان صحافی اسد علی طور پر حملہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کے صحافی بدترین دباﺅ کا شکار ہیں۔ دباﺅ کے اس ماحول کے خاتمے کی جدوجہد میں لاہور پریس کلب سمیت پاکستان کے تمام پریس کلبزپی ایف یوجے اور پی یوجے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صدر پی یوجے قمرالزمان بھٹی نے کہایہ بڑی بدقسمتی ہے کہ ملک میں صحافیوں پر تشدد کی لہر کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں جرنلسٹ پروٹیکشن بل پیش ہوچکا ہے ایسے میں نوجوان صحافی اسد علی طور کونامعلوم افراد کے ہاتھوں تشدد کا بنایا گیا ہے۔ہماراآج کا مطالبہ صرف یہ ہے کہ ریاست ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے ہم صحافیوں کو عام شہری کے طور پر ان نا معلوم افراد سے تحفظ دے۔ پی ایف یوجے کے خزانچی ذوالفقار علی مہتو نے اسد طور کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پرمعروف عوامی شاعر بابانجمی نے اپنا کلام پیش کر کے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیا

                    خواجہ آفتاب حسن
                    جنرل سیکرٹری پی یوجے

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.