میڈیا ہاوسز پر حملوں پر اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دیا جائے، کے یو جے
پاکستان سے آزاد صحافیوں کو فلسطین بھیجا جائے تاکہ اسرائیلی مظالم بے نقاب ہوسکیں، اعجاز شیخ
فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی نمایاں کوریج میڈیا پر حملوں کا اسرائیلی مقصد ناکام بناسکتی ہے، فہیم صدیقی
کے یو جے کے تحت احتجاجی مظاہرے سے سیاسی رہنماوں، وکلا، ڈاکٹرز، مزدور رہنماوں اور سول سوسائٹی ارکان کا خطاب
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین میں سرائیلی مظالم خاص طور پر میڈیا ہاوسز کو نشانہ بنانے پر اسرائیل کو فوری طور پر ایک دہشت گرد ریاست قرار دے، کے یو جے نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان سے آزاد صحافیوں کو فلسطین پہنچانے کے سرکاری طور پر انتظامات کرے تاکہ اسرائیلی مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا جاسکے۔ کے یو جے نے کراچی سمیت ملک بھر کی صحافی برادری سے اپیل کی ہے کہ میڈیا ہاوسز پر اسرائیلی حملے کے بعد وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے فلسطین میں اسرائیلی بربریت کی دیگر ذرائع سے ملنے والی خبروں، ویڈیوز اور تصاویر کو زیادہ سے زیادہ نشر اور شایع کریں تاکہ اسرائیلی حملے کا مقصد ناکام بنایا جاسکے۔ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تحت منگل کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیاسی رہنماوں، ڈاکٹرز، وکلا، مزدور رہنماوں، سول سوسائٹی اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرین اپنے ہاتھوں میں مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر اسرائیل مخالف اور فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے اس موقع پر مظاہرین نے فلسطین میں میڈیا پر اسرائیلی حملے نامنظور، اسرائیل مردہ باد، وی ہیٹ اسرائیل ، وی لو فلسطین، فلسطین کو آزاد کرو، کے پرشگاف نعرے بھی لگائے، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کریں تاکہ فلسطین پر اسرائیلی ظلم و جبر کا سلسلہ بند ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو مل کر فلسطین کے مسئلے کا حل ڈھونڈنا ہوگا۔ پاک سرزمین پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن شمشاد قریشی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلامی ممالک پر تنقید کی انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی خاموشی کی وجہ سے اسرائیل کی ہمتیں اتنی بلند ہوئِی ہیں کہ اب اس نے میڈیا ہاوسز کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان سمیت دنیا بھر کے صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی آواز میں آواز ملاتے رہیں گے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے کہا کہ ملک بھر کی صحافی برادری فلسطینی میڈیا اور وہاں کی مظلوم عوام کے ساتھ ہے اور اس کا ثبوت اسی طرح دیا جاسکتا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر کی صحافی برادری اسرائیلی بربریت اور جارحیت کی اپنے اپنے میڈیا ہاوسز میں زیادہ سے زیادہ اور نمایاں کوریج کرے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹروں کی ملک گیر تنظیم پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ فلسطین میں ایک انسانی المیہ جنم لے چکا ہے اسرائیلی بمباری سے وہاں صحافیوں سمیت عام شہری مارے جارہے ہیں اور سینکڑوں کی تعداد میں زخمی ہیں ان کے علاج معالجے اور دواوں کی فراہمی کے لیے ریڈ کراس سمیت دیگر عالمی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اس سلسلے میں پاکستانی ڈآکٹرز بھی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ممتاز قانون دان اور پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر ذیشان مرچنٹ نے کہا کہ فلسطین میں میڈیا کو نشانہ بناکر اسرائیل نے اپنے مظالم دنیا کے سامنے آنے سے روکنے کی کوشش کی ہے لیکن اس کی یہ کوشش ناکام رہے گی۔ معروف مزدور رہنما اور نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری ناصر منصور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کو جب تک امریکا کی حمایت حاصل رہے گی وہ اسی طرح فلسطین میں میڈیا اور عام شہریوں کو نشانہ بناتا رہے گا ضرورت اس بات کی ہے کہ اسلامی ممالک ایک بلاک کی صورت میں اسرائیل اور امریکا کا بائیکاٹ کریں۔ کے یو جے کے قائمقام صدر اعجاز شیخ نے اپنے خطاب میں فلسطین میں میڈیا ہاوسز پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال میں پاکستانی حکومت کی ذمہ داریاں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں فلسطین کے مسئلے کے حل اور اسرائیلی حملوں کو رکوانے میں پاکستانی کردار بہت اہم ہوسکتا ہے، مظاہرے سے ہوم بیسڈ وومن ورکرز فیڈریشن کی جنرل سیکریٹری زہرہ خان نے کہا کہ بچوں اور خواتین سمیت عام فلسطینیوں کیخلاف اسرائیل کے جنگی جرائم عالمی برادری کے منہ پر طمانچہ ہیں، اقوام متحدہ ان مظالم کو رکوانے میں ناکام رہی تو کمزور ممالک میں عالمی ادارے کا تاثر مزید خراب ہوگا۔ فلسطین فاونڈیشن کے رہنما بشیر سدوزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل جو کچھ بو رہا ہے ایک دن وہی کاٹے گا بھی۔ اقوام عالم کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے جس کی وجہ سے فلسطینیوں پر اسرائیلی جبر بڑھتا چلا رہا ہے۔
جاری کردہ
فہیم صدیقی
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس
Leave a Reply