لاہور(پ ر) اسرائیل کی فلسطین میں معصوم بچوں، خواتین اور شہریوں کے قتل عام اور ظلم وبربریت کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر پورے ملک کی طرح لاہور میں بھی بھرپور احتجاج کیا گیا۔ لاہور پریس کلب کے باہرپنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کی قیادت پی ایف یوجے کے مرکزی خزانچی ذوالفقار علی مہتو، پی یو جے صدر قمرالزمان بھٹی اور لاہور پریس کلب کے سینئر نائب صدر جاوید فاروقی نے کی۔ اس موقع پر پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے سیکرٹری شہزاد ملک، لاہور فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری پرویز الطاف، سینئر فوٹو جرنلسٹ عمر شریف، پی یوجے کے نائب صدر محمد بابر، ممبر گورننگ باڈی لاہور پریس کلب عمران شیخ، پیپلزپارٹی کی رہنما شاہدہ جبیں، چودھری سجاد گجر، انسانی حقوق کے رہنما خالد شہزاد، اپینک لاہور کے صدر اصغر خان اور دروغہ والا انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن کے صدر شعبان اختر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینی عوام کے قتل عام کو تاریخ کی بدترین ظلم و بربریت قرار دیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ظلم کے خلاف نہ صرف پوری مسلم امہ کو متحد کرئے بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے جنگ بندی اورسیز فائر کی قرار داد منظور کی جائے۔ پی ایف یوجے کے مرکزی خزانچی ذوالفقار علی مہتو نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین میں جاری ظلم کے خلاف پوری دینا کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ اب مسلم دنیا کے حکمران اٹھ کھڑے ہوں اور دنیا میں اس کے خلاف لائحہ عمل مرتب کریں اور فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور انسانیت کے قتل عام کو روکیں۔ پی یوجے کے صدر قمرالزمان بھٹی نے تمام مسلم دنیا پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کے متحد ہوجائیں۔ آپس کے اختلافات کو ختم کردیں اور قبلہ اول کی حفاظت کے لئے امریکہ سمیت عالمی ادروں پر اپنا دبائو بڑھائیں۔ انہوں نے غزہ میں میڈیا ہائوس ٹاور کو اسرائیل کی طرف سے نشانہ بنانے کو میڈیا کی آزادی پر بدترین حملہ قراردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہاں کے آزاد میڈیا کی رپورٹس اور ویڈیوز کے باعث اسرائیل کاظلم وبربریت پوری دنیا کے سامنے آیا اوراسرائیل کا بھیانک چہرہ بے نقاب ہوا ہے اس لئے اسرائیل نے اس کا بدلہ وہاں کے میڈیا ہائوسز کو ملیامیٹ کرکے لیا ہے۔ لاہور پریس کلب کے سنئیر نائب صدر جاوید فاروقی نے اقوام متحدہ اورعالمی انسانی حقوق کی تنظمیوں سے میڈیا ہائوسز کو ٹارگٹ کرنے پر اسرائیل کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
خواجہ آفتاب حسن
جنرل سیکرٹری پی یوجے
Leave a Reply