کراچی کی صحافی برادری دوران ڈیوٹی کرونا ایس او پیز کا خیال رکھے، کے یو جے
میڈیا مالکان کم سے کم میڈیا ورکرز کو دفتر بلائیں، نظام الدین صدیقی
مالکان میڈیا ورکرز کو پرائیویٹ ویکسین لگوائیں، حکومت بھی اپنے وعدے پر عمل کرے، فہیم صدیقی
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کراچی میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کراچی کی صحافی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران کرونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں۔ کے یو جے نے میڈیا ہاوسز کے مالکان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کم سے کم میڈیا ورکرز کو دفتر بلائیں تاکہ انہیں کرونا سے بچایا جاسکے۔ کے یو جے نے میڈیا مالکان سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو فوری طور پر کرونا ویکسین لگوائیں جبکہ حکومت بھی صحافیوں کو کرونا ویکسین لگانے سے متعلق اپنے اعلان پر فوری طور پر عملدرآمد کرے۔ کے یو جے کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک اس وقت کرونا کی تیسری خوفناک لہر کی لپیٹ میں ہے کراچی میں بھی کرونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے شہریوں کو کرونا سے بچانے کے لیے مختلف پابندیاں لگائی ہیں جس میں سرکاری دفاتر میں صرف 20 فیصد حاضری کی پابندی بھی شامل ہے۔ ان حالات میں عوام تک خبر پہنچانے کی ذمہ داری نبھانے والے صحافی سب سے زیادہ فرنٹ لائن پر ہیں وہ کرونا سے متعلق خبروں کے حصول کیلئے اسپتالوں کا رخ کرنے پر بھی مجبور ہیں جبکہ سیاسی و سماجی اجتماعات، پریس کانفرنسز اور دیگر اسائنمنٹ بھی کور کررہے ہیں ان حالات میں ان کا کرونا سے محفوظ رہنا مشکل ترین امر ہے کراچی میں کرونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران بھی کئی صحافی کرونا کا شکار ہوئے جس میں کئی جان کی بازی بھی ہار گئے کے یو جے نے کراچی کی صحافی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران ماسک اور سینیٹائزر کا لازمی استعمال کریں اسائنمنٹس کی کوریج کے دوران سماجی فاصلے کا خیال رکھیں اور ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کریں۔ کے یو جے نے میڈیا مالکان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کم سے کم میڈیا ورکرز کو دفتر بلائیں اور ورک فرام ہوم کی پالیسی پر عمل کریں کے یو جے نے بعض میڈیا ہاوسز کی پالیسیز پر اطمینان کا بھی اظہار کیا ہے جو پہلے ہی اس پالیسی پر عمل کررہے ہیں۔ کے یو جے نے میڈیا مالکان سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ دیگر انڈسٹریز کے مالکان کی طرح وہ بھی اپنے میڈیا ورکرز کو فوری طور پر کرونا کی ویکسین لگوائیں تاکہ اخبارات اور میڈیا چینلز بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرتے رہیں۔ کے یو جے نے سندھ حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے اعلان کے مطابق فوری طور پر صحافیوں کو فرنٹ لائن ورکرز کے طور پر کرونا ویکسین لگانا شروع کرے۔
جاری کردہ
فہیم صدیقی
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس
Leave a Reply