عالمی شہرت یافتہ این جی او ایجوکاسٹ کے ساتھ ایم او یو پر دستخط
کراچی کے صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کو طبیعت کی خرابی پر 24 گھنٹے ٹیلی ہیلتھ کی سہولت حاصل ہوگی
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کراچی کے صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کے لیے عالمی شہرت یافتہ این جی او ایجوکاسٹ کے تعاون سے ٹیلی ہیلتھ کی سہولت متعارف کرادی ہے دونوں تنظیموں کے مابین معاہدے پر دستخط کراچی پریس کلب میں کیے گئے۔ کے یو جے اور ایجوکاسٹ کے مابین ہوئے ایم او یو کے تحت کے یو جے کے ارکان سمیت کراچی کی صحافی برادری ٹیلی ہیلتھ کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکے گی صحافیوں کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ اور ان کے اہلخانہ 24 گھنٹے میں کسی بھی وقت کال سینٹر پر فون کرکے کوالیفائڈ ڈاکٹر سے بات کرسکیں گے جو انہیں علاج اور دوا تجویز کرسکیں گے ایجوکاسٹ عالمی شہرت یافتہ این جی او ہے جو کئی سالوں سے ٹیلی ہیلتھ پر ملک میں اور بیرون ملک کام کررہی ہے ۔ ایم او یو پر کے یو جے کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی اور ایجوکاسٹ کے صدر عبداللہ بٹ اور ممبر ارشد انیس نے دستخط کیے۔ ایجوکاسٹ کے صدر عبداللہ بٹ نے اس موقع پر بتایا کہ ان کی تنظیم کرونا کے بعد سے سندھ حکومت کے ساتھ رضاکارانہ طور پر کام کررہی ہے اور کرونا کے مریضوں کو ٹیلی ہیلتھ کی سروس کے ذریعے علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ کسی صحافی یا ان کے اہلخانہ کو کرونا کی صورت میں انہیں بھی ٹیلی ہیلتھ کی یہ سہولت حاصل ہوگی تاہم ٹیلی ہیلتھ کی اس سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے ڈاکٹرز کے پاس مریض کی مکمل میڈیکل ہسٹری ہو اس کے بغیر علاج کرنا مشکل ہوگا ایم او یو کے تحت ایجوکاسٹ کی پارٹنر این جی او تسکین جو ملک میں ذہنی صحت کے مسائل پر ٹیلی ہیلتھ کی سہولت فراہم کررہی ہے کراچی کے صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کو بھی مفت ٹیلی ہیلتھ کی سہولت اور کاونسلنگ فراہم کرے گی تسکین کے سربراہ ارشد انیس نے اس موقع پر بتایا کہ ملک کے معروف سائیکاٹرسٹ اور سائیکالوجسٹ ان کے پینل پر ہیں اور کراچی کے صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کو یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ ان کے کلینک بھی وزٹ کرسکیں گے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی 40 فیصد آبادی ذہنی صحت کے مختلف مسائل کا شکار ہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ لوگ اسے بیماری نہیں سمجھتے صحافیوں کو اس حوالے سے معاشرے میں آگاہی پھیلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے بھی صحافیوں کے لیے اپنی خدمات بلامعاوضہ فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ پی ایم اے کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ صحافی اس وقت مختلف قسم کے مسائل کا شکار ہیں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی، کٹوتی اور جبری برطرفیوں اور مختلف قسم کے دباو کے اس ماحول میں ایسی سروسز کسی نعمت سے کم نہیں ہیں، پی ایم اے صحافیوں کے ساتھ ہے اور انہیں ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس موقع پر کے یو جے کے صدر نظام صدیقی کی درخواست پر ایجوکاسٹ نے کے یو جے کے ارکان کی میڈیکل ہسٹری جمع کرنے کے لیے کراچی پریس کلب میں ہفتے میں دو روز ڈیسک قائم کرنے کا بھی اعلان کیا اس موقع پر مختلف ٹیسٹ کی سہولت بھی حاصل ہوگی جنرل سیکریٹری کراچی یونین آف جرنلسٹس فہیم صدیقی نے اس موقع پر بتایا کہ کے یو جے کراچی کے صحافیوں کی فری لیب ٹیسٹنگ کے لیے معروف لیبارٹریز سے بھی ایم او یو سائن کرنے جارہی ہے۔
جاری کردہ
فہیم صدیقی
جنرل سیکریٹری
کراچی یونین آف جرنلسٹس
Leave a Reply