خواتین صحافی موجودہ دور میں جہاد کررہی ہیں، فردوس عاشق اعوان کا پی یو جے کی تقریب سے خطاب

لاہور : پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے لاہور پریس کلب اور وائز کے تعاون سے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے لاہور پریس کلب میں خواتین صحافیوں کے اعزاز میں ایوارڈ تقریب کااہتمام کیا۔ تقریب میں وزیر اعلی پنجاب کی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان مہمان خصوصی تھیں جبکہ پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، وائز کی سی ای او بشری خالق ، سوشل ایکٹوسٹ خرم خان اور لاہور چیمبر آف کامرس کی ممبر ایگزیکٹو عظمی شاہد، وویمن کمیٹی کی سربراہ اور سینئر جوائنٹ سیکرٹری عطیہ زیدی، تمثیلہ چشتی، شاہدہ بٹ، صبا ممتاز بانو سمیت صحافی خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے خواتین کے عالمی دن پر صحافی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین صحافی موجودہ دور میں جہاد کررہی ہیں، خواتین صحافی ہر اول دستے کا کرادار ادا کررہی ہیں، خواتین صحافیوں کو کام کرنے کی جگہوں پر مناسب سہولیات نہیں مل رہیں، تاہم خواتین ہر لمحہ جدوجہد میں مصروف عمل ہیں، ورکنگ ویمن ہونے کے ناطے میں خود اس پراسس سے گزری ہوں، خواتین کے لئے سوسائٹی میں اپنی جگہ بنانا بہت مشکل ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سیاست کے میدان میں میں خود سازشوں اور تلخ حقیقتوں کا سامنا کررہی ہوں، شوہر، باپ اور بھائی کی سپورٹ کسی بھی عورت کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے، نامناسب رویے باپ کے گھر سے شوہر کے گھر تک ایک عورت کا پیچھا کرتے ہیں، تمام ورکنگ ویمن ان رویوں کا سامنا کرکے اعلی مقام تک پہنچی ہیں، فرنٹ لائن پر آکر لڑنا عورت کے لیے آسان کام نہیں ہے، کوئی بھی عورت مرد کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی، مرد اور عورت گاڑی کے دو پہیے ہیں جب تک دونوں میں اتفاق نہ ہو گاڑی آگے نہیں چل سکتی، خواتین سے متعلقہ قوانین پر عملدرآمد کرنا ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ ویمن ہاسٹل کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پالیسی بناکر اسے آگے بڑھارہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب میں شرکت کرنے والی خواتین جرنلسٹس میں ایوارڈز اور سرٹیفیکٹ تقسیم کیے ۔ تقریب میں خواتین جرنلسٹس نے مشیر اطلاعات کو خواتین صحافیوں کے مسائل پیش کئے ۔ مشیر اطلاعات نے خواتین جرنلسٹس کو ٹرانسپورٹ کے لئے بینک آف پنجاب سے آسان شرائط پر موٹر بائیک (اسکوٹی) اور چھوٹی کار لے کر دینے اور پریس کلب میں خواتین جرنلسٹس کے چھوٹے بچوں کے لئے ڈے کیئر سینٹر بنانے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، صدر پی یوجے قمرالزمان بھٹی ، بشری خالق ، خرم خان نے بھی خطاب کیا۔ سی ای او وائزبشری خالق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم صحافیوں کے ایشوز پر پنجاب یونین اف جرنلسٹس اور خواتین جرنلسٹس کے ساتھ ہے۔، خواتین جرنلسٹس کو ان کی پروفیشنل ٹریننگ اور دیگر معاملات میں مکمل تعاﺅن کریں گے۔ صدر پی یوجے قمرالزمان بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین صحافیوں کو ملازمت کا تحفظ دیا جائے اور ان کے دیگر قانونی حقوق کا تحفظ حکومت یقینی بنائے۔ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں انھیں معاشرے کے منفی رویوں کا سامنابھی کرنا پڑتا ہے لیکن وہ بہادری سے تمام حالات کا سامنا کرتے ہوئے اپنے کاز پر ڈٹی ہوئی ہیں، میں انھیں سلام پیش کرتا ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت میڈیا انڈسٹری کے بحران کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے ورنہ اسلام آباد میں دھرنا ہوگا۔ تقریب میں جنرل سیکرٹری پی یوجے خواجہ آفتاب حسن اور سیکرٹری لاہور پریس کلب کے سیکرٹری زاہد چودھری سمیت خواتین جرنلسٹس کی بڑی تعداد شریک ہوئی تقریب میں سینئر جرنلسٹس سعدیہ صلاح الدین، فرح وڑائچ ، سمعیہ اعجاز ، فاخرہ تحریم، وسیم فاطمہ، ناصرہ عتیق، فرزانہ چودھری،عطیہ زیدی، شمائلہ شبیر، روبی رزاق، پروین خان، ھما بخاری، خالدہ یوسف، ڈاکٹر عارفہ صبح خان، رابعہ عظمت، روبینہ نذیر چوہان، رفیعہ ناہید، تمثیلہ چشتی، سعدیہ قریشی، شاہدہ بٹ، سعدیہ مقبول، صبا ممتاز، امہ فروا، مروا عنصر چودھری، سعدیہ خان، نائلہ ندیم اور درخشندہ علمدار کو ایوارڈز دیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، بشری خالق، روبینہ خان، عظمی شاہد، فرودس کامران طوسی، خرم خان اور اقبال شاہد کو لاہور پریس کلب اور پی یو جے کی طرف سے شیلڈز پیش کی گئیں۔

خواجہ آفتاب حسن

جنرل سیکریٹری پنجاب یونین آف جرنلسٹس

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.