پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے نوائے وقت کی انتظامیہ کی یقین دہانی پر احتجاج موخر کردیا

لاہور( پ ر ) پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے نوائے وقت گروپ کی انتظامیہ کی طرف سے ادارے میں کام کرنے والے ورکرز کی تنخواہیں باقاعدگی سے ادا کرنے، ماہ فروری کی تنخواہ رواں ماہ مارچ کے وسط تک کلیئر کرنے اور ادارے میں موجود کام کرنے والے ورکرز کی زیر التوا تنخواہیں مرحلہ وار کلیئر کرنے کی یقین دہانی پر اپنا جمعرات 4 مارچ کو ہونے والا احتجاجی مظاہرہ موخر کردیا ۔ پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی اور آل پاکستان نیوز پیپرز ایمپلالز کنفیڈریشن( ایپنک) لاہور کے چیئرمین منصور ملک نے لاہور فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری پرویز الطاف اور نوائے وقت گروپ کی سینئر میگزین رپورٹر فرزانہ چودھری کے ہمراہ نوائے وقت لاہور کے دفتر کے باہر احتجاج کے لئے جمع ہونے والے میڈیا ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی یوجے کی طرف سے احتجاج کی کال کے بعد نوائے وقت کی انتظامیہ نے ان سے مذاکرات کے لئے رابط کیا جس پر پی جے کے صدر کی قیادت میں ایک پانچ رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں قمرالزمان بھٹی، خواجہ آفتاب حسن، منصور ملک، پرویز الطاف اورفرزانہ چودھری  کو شامل کیا گیا۔ نوائے وقت کے ایچ آر ہیڈ شفیق سلطان سے دو گھنٹے سے زائد طویل مذاکرات ہوئے جس کے دوران نوائے وقت گروپ کی ایڈیٹر رمیزہ نظامی سے ٹیلی فون پر بھی 20 سے 25 منٹ طویل مزاکرات ہوئے۔ اس بات چیت میں طے پایا کہ نوائے وقت گروپ اپنے تمام موجودہ سٹاف کی ماہ فروری کی تنخواہ اسی ماہ مارچ کے وسط تک ادا کرے گا جبکہ تمام اسٹاف کی زیر التوا تنخواہیں بھی مرحلہ وار ادا کی جائیں گی۔ اسی طرح فرزانہ چودھری سمیت نکالے جانے والے فوٹوگرافرز محسن رضا ( شففو) اور بشارت سمیت دیگر کے ساتھ بقایاجات اور عدالتی کیسز کے معاملے کو الگ الگ طور پر مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا ۔ رمیزہ نظامی کا کہنا تھا کہ نوائے گروپ کے تمام ورکرز ہماری فیملی کا حصہ ہیں اور ان کے تمام معاشی مفادات کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر پی یوجے کے وفد نے نوائے وقت گروپ کے ورکرز کے مسائل کو اپنی فیملی کے مسائل قرار دینے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کو سراہا اور کہا کہ یونین اپنے میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل کے لئے احتجاج اور مذاکرات سمیت قانون کا راستہ بھی اختیار کرے گی اس موقع پر وفد نے نوائے وقت انتظامیہ کو اپنا چارٹرڈ آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا۔ پی یوجے کے صدر قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ چونکہ اس وقت رمیزہ نظامی کی طرف سے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے اس لئے ہم اپنا احتجاج موخر کرتے ہیں۔ بعد ازاں پی یوجے کے صدر قمرالزمان بھٹی اور ایپنک لاہور کے چیئرمین منصور ملک نے نوائے وقت کے باہر احتجاج کے لئے جمع ہونے والے میڈیا ورکرز سے خطاب کیا اور احتجاج موخر کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نوائے وقت کی انتظامیہ نے ان مذاکرات کے نتیجے میں طے ہونے والے معاملات پر عمل نہ کیا تو پی یوجے ایک بھرپور احتجاج کی کال دے گی۔ اس موقع پر میڈیا ورکرز کی بڑی تعداد نے مذکرات کے مثبت عمل کو سراہا اور پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

خواجہ آفتاب حسن جنرل سیکرٹری پی یوجے

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.