پنجاب یونین آف جرنلسٹس کا نوائے وقت گروپ میں درجنوں صحافیوں کی برطرفیوں اور جبری ریٹائرمنٹ پر اظہار مذمت

لاہور( پ ر )پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے نوائے وقت گروپ سے فوٹو گرافر سیکشن ختم کرنے اور پورے ملک سے فوٹو گرافرز سمیت درجنوں صحافیوں کی برطرفیوں اور جبری ریٹائرمنٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام ملازمین کو فوری ملازمت پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی یوجے کے صدر قمرالزمان بھٹی۔ جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب حسن۔ سینئر نائب صدر محسن علی۔ نائب صدر محمد بابر۔ سینئر جوائنٹ سیکرٹری عطیہ زیدی۔ جوائنٹ سیکرٹری طارق حسن۔خزانچی ندیم شیخ اور ایگزیکٹو کونسل اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ نوائے وقت گروپ کی چیف ایڈیٹر و چیف ایگزیکٹو رمیزہ نظامی اور انتظامیہ ایک عرصہ سے ادارے میں ملازمین کے خلاف غیر قانونی رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ایک طرف ملازمین کے ویج ایورڈ پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ۔ان کے واجبات روکے جارہے ہیں دوسری طرف ان کی تنخواہوں میں غیر اعلانیہ کٹوتیاں کی جا رہی ہیں جبکہ یہاں ملازمین کی کئی کئی ماہ سے تنخواہیں بھی التوا کا شکار ہیں۔اب ان پر ظلم کی تلوار چلاتے ہوئے درجنوں ملازمین کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا ۔فوٹو گرافر سیکشن ختم کر کے پورے ملک میں فوٹوگرافرز سے روزگار چھین لیا گیا ہے جبکہ لاہور میں ریٹائرمینٹ کے نام پرسینئر صحافیوں کو بیک جنبش ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے۔جو کہ ملازمین کا معاشی قتل عام ہے۔ پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی نے کہا ہے کہ پی ایف یوجے سے منسلک پی یوجے سمیت تمام یوجیز اور صحافی اور فوٹو جرنلسٹس تنظیمیں اس ظلم کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گی ۔ہم اپنا احتجاجی لائحہ عمل ترتیب دیں گے جس کے تحت لاہور سمیت پورے ملک میں نوائے وقت کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا ۔قمرالزمان بھٹی نے میڈیا کارکنوں پر ڈھائے جانے والے اس ظلم کے خلاف حکومت سے بھی سخت ایکشن لینے اور نوائے وقت گروپ کے تمام اشتہارات اور ان کی ادائیگی فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خواجہ آفتاب حسن۔
جنرل سیکرٹری پی یو جے

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.