جیو جنگ کے دفتر پر حملے کے ذمے داروں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے، کے یو جے

محسوس ہوتا ہے حملہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، نظام صدیقی

احتجاج کے پہلے سے اعلان کے باوجود پولیس اور انتظامیہ کا موقع پر موجود نہ ہونا سوالیہ نشان ہے، فہیم صدیقی

ملکی میڈیا کا ردعمل سراہے جانے کے قابل ہے جو جیو نیوز کے ساتھ کھڑا ہوا، کے یو جے

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے جیو اور جنگ کے ہیڈ آفس پر حملے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے اور اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے کے یو جے نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمے داروں کیخلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے انہیں ناصرف گرفتار کیا جائے بلکہ عدالتوں سے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام ارکان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محسوس ہوتا ہے کہ حملہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جیو نیوز کے جس پروگرام کے ایک حصے پر اعتراض کیا گیا تھا جیو نیوز اگلے ہی پروگرام میں اس پر وضاحت بھی نشر کرچکا تھا لیکن اس کے باوجود دو ہفتے پہلے اس مظاہرے کا اعلان کیا گیا اور پہلے سے اعلان کے باوجود حملے کے وقت پولیس اور انتظامیہ موقع پر موجود نہیں تھی اور اس طرح حملہ آوروں کو فری ہینڈ دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بات صرف یہیں تک محدود نہیں ہے حملہ آور حملے کے بعد جیو نیوز کے مرکزی دفتر کا گھیراو کرکے بیٹھ گئے جس کی وجہ سے بلڈنگ میں موجود درجنوں خواتین سمیت عملہ محصور ہو کر رہ گیا اور یہ صورتحال کئی گھنٹے جاری رہی کے یو جے نے اس معاملے پر حکومتی ردعمل پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اسے آزادی صحافت پر حملہ سمجھتے ہوئے ذمے داروں  اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کریں کیونکہ ملک میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے معاملے پر پاکستان کو پہلے ہی عالمی سطح پر تنقید کا سامنا ہے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے جیو اور جنگ گروپ کے ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے اور انہیں یقین دلایا ہے کہ ایسے کسی بھی معاملے پر ملک بھر کی صحافی برادری ان کے ساتھ کھڑی ہوگی، کے یو جے نے واقعے پر ملکی میڈیا کے ردعمل کو بھی سراہا ہے جس نے اس واقعے پر جیو نیوز کا ساتھ دیا اور واقعے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا۔

جاری کردہ

فہیم صدیقی

جنرل سیکریٹری

کراچی یونین آف جرنلسٹس

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.