کے یو جے نے اپنی ویب سائٹ کا اجرا کردیا، بیروزگار صحافیوں کا ڈیٹا اکھٹا کرنے میں مدد ملے گی

ارکان ویب سائٹ پر موجود شاندار فیچر سے اپنی فیس بھی ادا کرسکیں گے
ای او بی آئی میں رجسٹریشن اور کم تنخواہ کے قانون پر عملدرآمد سے متعلق معلومات بھی اکھٹا ہوسکیں گی

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اپنی ویب سائٹ کا اجرا کردیا ہے ویب سائٹ کے ذریعے بیروزگار صحافیوں کا ڈیٹا اکھٹا کیا جاسکے گا جبکہ صحافیوں کی ای او بی آئی میں رجسٹریشن اور میڈیا ہاوسز میں کم از کم تنخواہ کے قوانین پر عملدرآمد سے متعلق معلومات بھی اکھٹی ہوسکیں گی کے یو جے کی ویب سائٹ میں فیس کی ادائیگی کا شاندار فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے بعد ارکان کی یہ شکایت ختم ہوجائے گی کہ فیس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ان کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہونے سے رہ گیا ہے ویب سائٹ کے ایک اور شاندار فیچر کے ذریعے ارکان کی تاریخ پیدائش سے ان کی عمر کا تعین کرکے 60 سال پورے ہوتے ہی ان کا نام ازخود ووٹر لسٹ میں شامل ہوجائے گا۔ ویب سائٹ کے ذریعے ارکان کی اسکروٹنی میں بھی مدد ملے گی ۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کے یو جے کی ویب سائٹ کا ایڈریس

www.kuj.net.pk

ہے ارکان کی آسانی کے لیے

www.kuj.com.pk

کا ڈومین بھی لے لیا گیا ہے ارکان دونوں ایڈریسز سے اس ویب سائٹ کو وزٹ کرسکیں گے۔ ویب سائٹ پر کراچی یونین آف جرنلسٹس کی تاریخ پر مبنی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق سیکریٹری جنرل حبیب خان غوری کا مضمون “کے یو جے کا جنم” انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں موجود ہے جبکہ پی ایف یو جے کے عظیم رہنما سابق صدر منہاج برنا کا پی ایف یو جے کی تاریخ پر لکھا گیا مضمون ” ایک تحریک جو پی ایف یو جے کہلائی” بھی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ ویب سائٹ پر پی ایف یو جے کا آئین انگریزی جبکہ کے یو جے کا آئین انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں موجود ہے۔ ویب سائٹ پر الگ سے پی ایف یو جے کا ٹیب بنایا گیا ہے جس میں پی ایف یو جے کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے ارکان کے نام مع تصویروں کے موجود ہیں اسی کالم میں دیگر یو جیز کا ٹیب بھی بنایا گیا ہے جہاں تمام یوجیز کے لوگوز ڈال دیے گئے اور ان کی ایگزیکٹو کونسلز بھی وہاں موجود ہوں گی ۔ ارکان کو کے یو جے سے متعلق سرگرمیاں اس ویب سائٹ پر ملیں گی ویب سائٹ پر کے یو جے کے ٹیب میں تمام پریس ریلیز جبکہ گیلری میں کے یو جے کی اب تک کی تمام سرگرمیوں کی تصاویر موجود ہیں۔ ویب سائٹ پر نیوز کے فولڈر میں ناصرف کے یو جے بلکہ پی ایف یو جے سمیت تمام یو جیز کی سرگرمیاں نیوز کی صورت میں فراہم کی گئی ہیں جنہیں کسی بھی سوشل میڈیا اکاونٹ پر ون کلک کے ذریعے شیئر کیا جاسکتا ہے۔ ویب سائٹ کو کے یو جے کے سوشل میڈیا اکاونٹس سے لنک کیا گیا ہے اور ارکان سوشل میڈیا لنکس پر کلک کرکے کے یو جے کے فیس بک، ٹوئٹر یا یو ٹیوب چینل پر وزٹ کرسکیں گے۔ ویب سائٹ پر ناصرف کے یو جے کی موجود ایگزیکٹو کونسل اور کمیٹیوں کے ارکان کے نام مع تصاویر موجود ہیں بلکہ 1973 ، 1994 یا 2016 میں کون کے یو جے کی ایگزیکٹو کونسل میں تھا یہ معلومات بھی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ کے یو جے کی ویب سائٹ پر ارکان کی سہولت کے لیے تمام میڈیا ہاوسز کے لنکس دیے گئے تاکہ ارکان ویب سائٹ پر رہتے ہوئے اپنے من پسند نیوز چینلز دیکھ سکیں اور اخبار پڑھ سکیں۔ ویب سائٹ پر کے یو جے کی سرگرمیوں کی مختلف چینلز پر نشر یا اخبارات میں شایع ہونے والی خبریں بھی موجود ہیں جبکہ موجودہ مجلس عاملہ کی جانب سے کرائی گئی تربیتی ورکشاپس اور آئندہ آنے والی ورکشاپس سے متعلق معلومات بھی ارکان کو ویب سائٹ سے مل سکتی ہیں۔ ویب سائٹ کو کوئی بھی شخص وزٹ کرسکے گا لیکن چند فیچرز صرف کے یو جے کے ارکان کے لیے ہوں گے جن کے لیے ویب سائٹ پر سائن ان کا آپشن رکھا گیا ہے جس کے بعد وہ بذریعہ پاسورڈ ویب سائٹ پر لاگن ہوسکیں گے کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اپنے ارکان سے درخواست کی ہے کہ وہ ویب سائٹ کا ضرور وزٹ کریں اور خود کو ویب سائٹ پر رجسٹر کرائیں۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.