کراچی یونین آف جرنلسٹس کی اسلام آباد میں سرکاری ملازمین پر ریاستی طاقت کے استعمال کی مذمت

موجودہ حکومت ایک فاشسٹ حکومت ہے جو ڈنڈے کے زور پر تمام مسائل حل کرنا چاہتی ہے، کے یو جے
صحافی بھی جلد اسلام آباد کا رخ کرنے والے ہیں حکومت پہلے ہی مطالبات تسلیم کرلے، کے یو جے

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اسلام آباد میں اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین پر ریاستی طاقت کے استعمال کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر گرفتار ملازمین کو رہا کرے اور ان کے تمام مطالبات تسلیم کیے جائیں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں سرکاری ملازمین پر جس انداز سے ریاستی طاقت کا استعمال کیا گیا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت ایک فاشسٹ حکومت ہے جو تمام مسائل ڈنڈے کے زور پر حل کرنا چاہتی ہے موجودہ حکومت کے قیام سے اب تک اس ملک کے مزدور طبقے کو صرف جبری برطرفیاں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور کٹوتی جیسے تحفے ملے ہیں جس میں میڈیا ورکرز بھی شامل ہیں۔ موجودہ حکومت اپنا ایک بھی وعدہ پورا کرنے میں ناکام ہے اور جب اسے وعدے یاد دلانے کی کوشش کی جارہی ہے تو وہ طاقت کا اندھا استعمال کررہی ہے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سرکاری ملازمین کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مزدوروں کی کوئی بھی تحریک ہو کے یو جے نے ہمیشہ اس کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی کراچی یونین آف جرنلسٹس نے حکومت کو یاد دلایا ہے کہ ملک کی صحافی برادری بھی جلد اسلام آباد کا رخ کرنے والی ہے مارچ کے آخری ہفتے میں کوئٹہ سے ملک گیر صحافی تحریک کا آغاز ہوگا اور ملک بھر کے صحافی اپریل کے ہہلے ہفتے میں اسلام آباد پہنچ کر اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر دھرنا دیں گے حکومت اگر اس وقت کسی ہزیمت سے بچنا چاہتی ہے اس سے پہلے ہی پی ایف یو جے کے مطالبات منظور کرلے۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.