کراچی : پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے اسلام آباد میں تنخواہوں میں اضافے کے لیے سرکار ی ملازمین کے احتجاج کو بزور طاقت ختم کروانے کے حکومتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی جبر قرار دیا ہے۔ اس سلسلے میں پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکریٹری جنرل ناصر زیدی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 2018 سے کوئی اضافہ نہیں کیا جو محنت کشوں کے معاشی حقوق سلب کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مظاہرین کی آواز دبانے کے لیے تشدد اور بربریت کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے مذاکرات اور افہام وتفہیم کا راستہ اپنائے۔انہوں نے سرکاری ملازمین کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے دیرینہ مطالبے پر احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے اسے حق بجانب قرار دیا اور ارباب اختیار سے محنت کشوں کے جائز مطالبات فی الفور پورے کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے واضح کیا کہ محنت کشوں اور سرکاری ملازمین کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آئینی و قانونی حقوق اور مطالبات کے لیے ان کے ہم آواز ہونا اپنا اخلاقی فریضہ تسلیم کرتے ہیں۔ سرکاری ملازمین سے اظہار یکجہتی کے لیے سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم اور آر آئی یوجے کے صدر عامر سجاد سید نے احتجاج میں شرکت کی۔پی ایف یو جے کی قیادت نے نیشنل پریس کلب کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ احتجاج کے شرکا کو رعایتی نرخوں پر اور گرفتار محنت کش مظاہرین کو بلامعاوضہ کھانا فراہم کرے۔ علاوہ ازیں انہوں نے حکومتی تشدد کے متاثرہ کارکنان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
Leave a Reply