پی ایف یو جے کی حکومت کو مطالبات کی منظوری کیلئے تین ماہ کی مہلت

اپریل تک مسائل حل نہ ہوئے تو کوئٹہ سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع اور فیصلہ کن راﺅنڈ اسلام آباد میں ہوگا ، شہزادہ ذوالفقار

کراچی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے حکومت کو آزادی صحافت کے حوالے سے مسائل حل کرنے کے لیے 3 ماہ کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر اپریل تک مسائل حل نہ ہوئے تو کوئٹہ سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائیگی اور اس کا فیصلہ کن راﺅنڈ اسلام آباد میں ہوگا پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے یہ بات کراچی یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام پی ایف یو جے کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال کے دوران پاکستان میں 80 سے زائد صحافی قتل ہوئے جن میں سے 24 کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری جنرل ناصر زیدی سیمینار میں نے قرار داد پیش کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ سے صوبائی اسمبلی میں قانون سازی کرکے سندھ کی سطح پر امپلی مینٹیشن ٹریبونل قائم کرنے اور جرنلسٹ پروٹیکشن بل صوبائی اسمبلی منظور کروانے کا مطالبہ کیا جس کی سیمینار کے شرکانے بھرپور انداز میں تائید کی معروف صحافی حامد میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم میڈیا کی آزادی کے لیے جداگانہ جدوجہد نہیں کرسکتے ، اس کے لئے صحافی کارکنان کو مزدوروں، طلبہ، وکلا ، ڈاکٹر اور اساتذہ کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی ضرورت ہے ۔ سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ ہماری جدوجہد آئین کی بالادستی اور صحافت کی آزادی کے لئے ہے اور اس سلسلے میں صحافیوں اور دیگر محنت کشوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہوکرکوشش کرنا ہوگی۔ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ آج صحافتی تحریک کو نثار عثمانی، منہاج برنا اور سبط حسن سمیت پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے دیگر رہنما ﺅں کے چھوڑے ہوئے ورثے کو ماضی کی طرح مربوط کرنے کی ضرورت ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما امین الحق نے کہا کہ 30 سال سے سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کی جدوجہد میں شامل ہورہا ہوں بول کے باہر مظاہرے میں شرکت پر مجھے بھی نامعلوم کالز موصول ہوئیں۔علاوہ ازیں سیمینار سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شاہی سید ، پی ایس پی کے سیکریٹری جنرل حسان صابر، جے یوآئی (ایف) کے سرور بلیدی اور جماعت اسلامی کے اسامہ رضی سمیت دیگر سیاسی وسماجی اور مزدور رہنماﺅں نے خطاب کیا اور صحافیوں کے مسائل کے حل میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سیمینار کے دوران پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی آزادی صحافت کی جدوجہد کے 70 سال پر نوتصنیف کتاب کی رونمائی کی گئی اور کے یو جے کی آفیشل ویب سائٹ کا بھی اجرا کیا گیا.

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.