کے یو جے اور ناو کمیونیٹیزنے ایم او یو پر دستخط کردیے

خواتین صحافیوں کے لیے تربیتی ورکشاپس کے انعقاد میں مدد ملے گی

دونوں تنظیمیں باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کو تعاون فراہم کریں گی

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے خواتین صحافیوں کے لیے مختلف موضوعات پر تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کے لیے ورکنگ وومن کے لیے کام کرنے والی معروف این جی او نیشنل آرگنائزیشن فار ورکنگ کمیونٹیز ناو کے ساتھ ایم او یو سائن کردیا۔ معاہدے کے تحت دونوں تنظیمیں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی ایک دوسرے کو تعاون فراہم کریں گی۔ نیشنل آرگنائزیشن فار ورکنگ کمیونیٹیز پاکستان بالخصوص کراچی میں نوکری پیشہ خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہے جبکہ کراچی یونین آف جرنلسٹس ملک میں صحافیوں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم ہے۔ دونوں تنظیمیں ماضی میں بھی خواتین سے متعلق قوانین، خواتین کے مسائل پر تحقیق، صنفی تشدد کے خاتمے کے لیے مل جل کر کام کرچکی ہیں۔ ایم او یو پر دستخط کی تقریب ناو کے دفتر میں منعقد ہوئی جس پر کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی اور کے یو جے کی ورکشاپ اینڈ ٹریننگ کمیٹی کی رکن سمیرا ججہ جبکہ ناو کی جانب سے تنظیم کی صدر مہناز رحمان اور ڈائریکٹر فنانس مرزا ندیم بیگ نے دستخط کیے۔ ایم او یو کے تحت نیشنل آرگنائزیشن فار ورکنگ کمیونیٹیز صحافیوں کے لئے مختلف تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرے گی جبکہ صنفی تشدد اور خواتین کے مسائل پر متعلقہ مواد بھی کراچی یونین آف جرنلسٹس کو فراہم کرے گی کراچی یونین آف جرنلسٹس، نیشنل آرگنائزیشن فار ورکنگ کمیونیٹیز کے لئے صحافتی ایکٹییویٹیز سے متعلق تعاون فراہم کرے گی اس موقع پر دونوں تنظیموں کی جانب سے بنیادی مقاصد اور حالیہ پروجیکٹس پر بریفنگ دی گئی کے یو جے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی کا کہنا تھا کہ دونوں تنظیموں کے مقاصد بنیادی طور پر ایک ہی ہیں دونوں ہی ملازمت پیشہ افراد کے حقوق کی بحالی کے لئے کام کررہے ہیں ملک کے صحافی اس وقت جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی، تاخیر سے ادائیگی اور کٹوتیوں سمیت دیگر مسائل کا شکار ہیں ایسے میں دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا مقصد میڈیا ہاوسز میں میڈیا ورکرز کے حالات کار کو بہتر بنانا ہے نیشنل آرگنائزیشن فار ورکنگ کمیونیٹیز کی صدر مہناز رحمان کا کہنا تھا کہ آج ایک تاریخی دن ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ معاہدہ دونوں اداروں کی جانب سے خواتین کے مسائل کے حل کے لئے کی جانی والی کوششوں میں معاون و مددگار ثابت ہوگا کراچی یونین آف جرنلسٹس کی وومن کمیٹی کی رکن اور اے پی پی کی بیورو چیف رفیعہ حیدر کا کہنا تھا کہ مقاصد ایک ہونے کے باعث دونوں ادارے ساتھ مل کر زیادہ بہتر طریقے سے کام کر سکیں گے۔ کے یو جے کی ٹریننگ اینڈ ورکشاپ کمیٹی کے رکن فیضان لاکھانی نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری میں کام کرنے والی خواتین کے مسائل بھی دیگر ورکنگ وومنز سے مختلف نہیں ہیں ان کے مسائل کے حل کے لیے مشترکا کوششوں کے ضمن میں دونوں تنظیموں کے مابین یہ معاہدہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.