روزنامہ عوام کے ملازمین کے کیسز کی اسلام آباد منتقلی حکومت میڈیا مالکان گٹھ جوڑ ہے، کے یو جے

چیف جسٹس انصاف کی فراہمی میں تاخیر کے ان حربوں کا نوٹس لیں، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی
آئی ٹی این کے فنڈز میں کٹوتی بھی توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے، امتیاز فاران
آئی ٹی این ای کے دفتر کے باہر مظاہرے سے دارا ظفر، نشید آفاقی، گل نسرین اختر و دیگر کا خطاب

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے جنگ گروپ کے اخبارات روزنامہ عوام، ڈیلی نیوز، دی نیوز اور جنگ سے برطرف کیے گئے ملازمین کے کیسز کی اچانک کراچی سے اسلام آباد منتقلی کو حکومت اور میڈیا مالکان کے گٹھ جوڑ کا ایک اور ثبوت قرار دیا ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر کے ان حربوں کا نوٹس لیں ۔ روزنامہ عوام اور ڈیلی نیوز کے برطرف ملازمین کی جانب سے جمعرات کو کراچی میں آئی ٹی این ای کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے حمایت کے اعلان کے بعد مظاہرے میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مظاہرین نے اس موقع پر اپنے ہاتھوں میں مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر مختلف مطالبات درج تھے جبکہ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں حکومت اور میڈیا مالکان کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے رہے ۔ کے یو جے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور میڈیا مالکان کے گٹھ جوڑ کے نتیجے میں کراچی میں ہونے والی سماعت کو بغیر پیشگی اطلاع دیے اچانک اسلام آباد منتقل کردیا گیا ایسا صرف اس لیے کیا گیا ہے تاکہ مقدمے کے فریق دو سال سے بیروزگار روزنامہ عوام اور ڈیلی نیوز کے ملازمین کییسز کی سماعت کے موقع پر اپنے لیے آواز بلند نہ کرسکیں ان کے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ کیسز کی سماعت کے موقع پر اسلام آباد جائیں فہیم صدیقی نے کہا کہ یہ انصاف میں تاخیر کے حربے ہیں جن سے انصاف کا قتل کیا جارہا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان کو اس کا نوٹس لینا چاہئیں پی ایف یو جے نے حکومت اور میڈیا مالکان کے اس گٹھ جوڑ کے خلاف ہی اپریل میں ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز کوئٹہ سے کیا جائے گا۔ ملک بھر کے صحافی اپریل میں اسلام آباد پہنچیں گے اور پارلیمنٹ ہاوس کے باہر اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیں گے۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر امتیاز فاران نے کہا کہ آئی ٹی این ای کے فنڈز میں کٹوتی توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے چیف جسٹس کو اس کا بھی نوٹس لینا چاہئے ایسا کرنے کا مقصد بھی آئی ٹی این کو انصاف کی فراہمی سے روکنا ہے۔ مظاہرے سے روزنامہ دی نیوز کی ایمپلائز یونین سی بی اے کے جنرل سیکریٹری دارا ظفر، روزنامہ عوام کے ایڈیٹر نشید آفاقی، ڈیلی نیوز کی گل نسرین اختر، اطہر جاوید صوفی، وسیع قریشی اور عارف ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.