واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں ورنہ وزیراعلی ہاوس کے باہر احتجاج کیا جائے گا، کے یو جے
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سینئر صحافی جی این مغل کو حیدرآباد میں نامعلوم افراد کی جانب سے گھر میں گھس تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے اور وزیراعلی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جی این مغل کا شمار ملک کے ان چند ممتاز صحافیوں میں ہوتا ہے جو آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کی جدوجہد میں ہمیشہ ناصرف شریک رہے بلکہ صف اول میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا ادا۔ جی این مغل کو گذشتہ روز حیدرآباد میں ان کے گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال کسی بھی طرح تسلی بخش نہیں ہے کل تک عام آدمی اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے پریشان تھا اور اب صحافیوں کو بھی خاص طور پر نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن صوبے کے حکمران عوامی مسائل کے حل کی بجائے خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں کے یو جے نے وزیراعلی سندھ سے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو کراچی یونین آف جرنلسٹس وزیراعلی ہاوس کے باہر احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔
Leave a Reply