ممتاز صحافی رہنما منہاج برنا کی دسویں برسی. کے یو جے کا منہاج برنا کی برسی پر زبردست خراج عقیدت

منہاج برنا کی زندگی جدوجہد سے عبارت اور نوجوان صحافیوں کے لیے مشعل راہ ہے، کے یو جے

پی ایف یو جے کی کتاب میں شامل منہاج برنا کے قریبی ساتھی علی احمد خان کا کالم جاری

ملک کے ممتاز صحافی رہنما پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور ایپنک کے سابق صدر منہاج محمد خان برنا کی دسویں برسی آج منائی جائے گی۔ منہاج برنا 14 جنوری 2011 کو اسلام آباد میں انتقال کرگئے تھے کراچی یونین آف جرنلسٹس نے منہاج برنا کی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں منہاج برنا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آزادی صحافت، آزادی اظہار رائے اور جمہوریت کے لیے منہاج برنا کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے ان کی برسی کے موقع پر ان کے قریبی ساتھی سینئر صحافی علی احمد خان کا ان پر لکھا گیا کالم جاری کیا ہے۔ یہ کالم پی ایف یو جے کی ستر سالہ تاریخ پر مبنی کتاب میں شامل ہے، کتاب کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تعاون سے شایع ہوچکی ہے ۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام ارکان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ منہاج برنا کی تمام تر زندگی جدوجہد سے عبارت ہے انہوں نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جنرل ایوب خان کا دور آمریت ہو یا جنرل ضیا الحق کا منہاج برنا نے ہمیشہ حق اور سچ کی لڑائی لڑی اور اس کے لیے جیل بھی گئے ان کی زندگی اس ملک کے ناصرف نوجوان صحافیوں بلکہ ہر اس شخص کے لیے مشعل راہ ہے جو آزادی اظہار رائے، آزادی صحافت اور ملک میں جمہوریت پر یقین رکھتا ہے منہاج برنا اخباری صنعت میں کام کرنے والے غیر صحافتی کارکنوں کی تنظیم “آل پاکستان نیوز پیپرز ایمپلائیز کنفیڈریشن” ایپنیک کے بانی صدر تھے منہاج برنا ایک مزدور دوست شخصیت تھے اور ان کے مطالبے پر ہی 1972 میں حکومت نے مزدوروں کےعالمی دن یکم مئی کے موقع پر ملک میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا جبکہ نیوز پیپرزایمپلائز کنڈیشن آف سروسز ایکٹ 1973 بھی منہاج برنا کی کاوشوں سے ہی منظور ہوا تھا۔

Share the post

Leave a Reply

Your email address will not be published.